منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’سیرتِ حبیبِ اعظم ﷺ کورس‘‘ کی پہلی نشست کا انعقاد
مطالعہ سیرت کا مطلب حضور ﷺ کی مبارک زندگی کے پہلوؤں کو سمجھنا ہے: حافظ سعید رضا بغدادی
سیرت طیبہ ہماری انفرادی و اجتماعی حیات کے لیے اصل رہنمائی ہے: ڈائریکٹر ای پی ڈی

لاہور (30 ستمبر 2025) تحریک منہاج القرآن نظامتِ ایجوکیشنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ’’سیرتِ حبیبِ اعظم ﷺ کورس (ڈپلومہ ان سیرۃ اسٹڈیز)‘‘کی پہلی نشست جامع انداز میں مکمل ہوئی۔ نشست کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت رسول مقبول ؐسے ہوا۔ نظامت ای پی ڈی کے سینئر رہنما علامہ محمود مسعود قادری نے استقبالیہ کلماتِ ادا کیے اور کورس کی تفصیلات بتائیں۔ ڈائریکٹر نظامت ای پی ڈی، حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے پہلے روز کی نشست سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سیرت النبی ؐ مسلمانوں کے لئے بہترین رہنمائی اور عملی نمونہ ہے جو ہر دور میں روشنی کا مینارہ بنی رہے گی۔ مطالعہ سیرت کا مطلب حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک زندگی کے تمام پہلوؤں کو سمجھنا اور ان سے سبق حاصل کرنا ہے۔ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ محض ایک تاریخی حوالہ نہیں ہے بلکہ زندگی گزارنے کا سلیقہ اور بندہ مومن کے لیے روشنی کا چراغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے دلوں کی تاریکیاں دور ہوں تو ہمیں اپنی زندگی کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ سے منور کرنا ہوگا۔ یہی سیرت ہماری انفرادی اور اجتماعی حیات کے لیے اصل رہنمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا کو نبی کریم ﷺ کی زندگی سے محبت، صبر، عدل اور رواداری کے پیغام کی ضرورت ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے معاشرتی انصاف اور بھائی چارے کی ایسی مثال قائم کی کہ آج بھی تمام انسانیت اس سے مستفید ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پر فرض ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ کو پڑھیں، سمجھیں اور اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔ پہلی نشست میں مقررین نے سیر ت النبی ﷺ کے مختلف اہم پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ زندگی کا کامل نمونہ ہے جو ہر مسلمان کےلئے رہنمائی کا سر چشمہ ہے۔


















تبصرہ