ترقی و کامیابی کا واحد راستہ علم ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

علم روشنی اور جہالت اندھیروں کی علامت ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں تربیتی نشست و تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

Dr Hassan Qadri addresses Award Disribution Ceremony at COSIS New Campus

لاہور (یکم اکتوبر2025) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نیو کیمپس میں منعقدہ تربیتی نشست و تقریب تقسیم انعامات سے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور انسانی معاشرے میں علم کو ہمیشہ بلند مقام حاصل رہا ہے۔قرآن و سنت میں علم کو وہی درجہ دیا گیا ہے جو روشنی کو اندھیرے پر حاصل ہوتا ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق علم کے بغیر نا فرد اپنی زندگی سنوار سکتا ہے اور نہ ہی کوئی قوم ترقی کی منازل طے کر سکتی ہے۔ علم وہ دولت ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی اور نہ ہی اپنے وارث کو محروم چھوڑتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے زیرِسایہ قائم سکولز، کالجز، یونیورسٹی، نظام المدراس پاکستان و دیگر تعلیمی ادارےعلم کے وہ روشن چراغ، جن سے فیض یاب ہوناہر طالب علم کےلئے بہت بڑی سعادت ہے۔ علم قربانی، محنت اور مشقت کے بغیر نہیں ملتا، بلکہ اس کے لیے صبر و حلم کا دامن تھامنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ ہے کہ علم کو اپنی زینت اور اپنا زیور بناؤ، کیونکہ حضور ﷺ خود علم اور ادب کے پیکر تھے۔انہوں نے کہاکہ علم صرف دنیاوی ترقی کے لئے بلکہ اخروی کامیابی کے لئے بھی ضروری ہے۔ علم دل و دماغ کو روشنی دیتا ہے، ہمیں صحیح اور غلط کی پہچان کراتا ہے، اللہ تعالیٰ کی معرفت تک لے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم سے طبیعت میںحلم، عقل، صبر اور نرمی پیدا ہوتی ہے۔ ہر طالب علم کو چاہیے کہ وہ علم کی اس میراث کے وارث بننے کی کوشش کرے جو سونے اور چاندی سے زیادہ قیمتی ہے۔ محدثین اور ائمہ کرام کی زندگیاں علم کے حصول میں قربانی کی روشن مثالیں ہیں۔

پروفیسرڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ جو شخص اللہ کے دین میں بصیرت حاصل کر لیتا ہے، اس کے لیے علم ہی کفایت کرتا ہے۔ علم انسان کو عزت بخشتا ہے، بھوکا نہیں مرنے دیتا اور نہ ہی کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ دنیا کے بجائے علم کے بھکاری بنیں اور ہمیشہ اہلِ علم کا ادب کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی زندگیوں کو نورِ علم سے مزین کریں گے ،یاد رکھیں تعلیم سے محروم قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top