لیڈر منتشر قوم کو یکجا کرتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

منیجر کی نظر حال پر جبکہ لیڈر مستقبل کی منصوبہ بندی کرتا ہے، چیئرمین سپریم کونسل
یونیورسٹی آف ہری پور میں قرآن اور مینجمنٹ سائنسز کے موضوع پر لیکچر

Dr Hassan Qadri addresses seminar Islamic leadership haripur

لاہور (3 اکتوبر 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے یونیورسٹی آف ہری پور میں قرآن اور مینجمنٹ سائنسز کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ لیڈر منتشر قوم کو یکجا کرتا ہے۔ وہ اپنی محنت کو اپنی ذات کا کمال نہیں اللہ کی عطا سمجھتا ہے، حقیقی لیڈر کو سستی تشہیر کی ضرورت نہیں ہوتی۔ منیجر اور لیڈر میں فرق ہوتاہے۔ منیجر کی نظر حال پر جبکہ لیڈر مستقبل کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ لیڈر قوم کے آرام کے لئے اپنا آرام قربان کر دیتا ہے اور دوسروں کی ضروریات کو اپنی ضرورت پر ترجیح دیتا ہے۔ قرآن مجید نے لیڈر شپ کوالٹیز کو کھول کھول کر بیان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ لیڈر شپ کوالٹیز میں انسانیت کے لئے رول ماڈل ہیں، آپؐ ہر معاملہ پر مشاورت فرماتے، آپؐ کے فیصلے واضح اور دوٹوک ہوتے، قرآن مجید پیغمبران اسلام کی مینجمنٹ اور لیڈر شپ کوالٹیز پر بھرپور روشنی ڈالتا ہے جو ہم سب کے لئے راہ نمائی کاذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر معتدل شخصیت کا حامل ہوتاہے۔ فیصلے سوچ سمجھ کر اور ٹھنڈے دل و دماغ سے کرتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ قرآن مجید کی تلاوت کو اپنا شعار بنائیں اور قرآن مجید پر غور و تدبر کریں اور اللہ رب العزت نے جو حکمت کے خزانے آیات میں رکھے ہیں اُن تک رسائی حاصل کریں۔ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ قرآن تدبر اور تفکر کی دعوت دیتا ہے، جب انسان کلام ربانی سے مانوس ہوتا ہے تو اُس پر حقائق آشکار ہوتے ہیں۔ نوجوان دنیاوی علوم کے ساتھ ساتھ دینی علوم پر بھی دسترس حاصل کریں اور اسلام کے وکیل بنیں۔ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن، رجسٹرار محمد ریاض اور فیکلٹیز نے پرجوش استقبال کیا۔

سیمینار میں اسسٹنٹ پروفیسر شیراز احمد، قاضی شجاعت، ثاقب اعوان، نائب ناظم تنظیمات ہزارہ زون علامہ جاوید القادری، شیخ فرحان عزیز، حاجی غلام شبیر، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، قاضی فیض الاسلام، بلال شاہ سمیت یونیورسٹی آف ہری پور کے ڈیپارٹمنٹ آف مینجمنٹ کے فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top