پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا سکائی لائٹ مارکی ہری پور میں محفل میلاد مصطفیٰﷺ کانفرنس سے خطاب، اخلاقِ نبوی ﷺ پر ایمان افروز گفتگو

ہری پور: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سکائی لائٹ مارکی میں منعقدہ عظیم الشان محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید نے حضور نبی کریم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ کو ’’عظیم‘‘ قرار دیا اور فرمایا: بے شک آپ خلقِ عظیم کے اعلیٰ درجے پر فائز ہیں۔ کائنات کے ہر کمال کا سرچشمہ اور ہر جمال کا منبع حضور ﷺ کی ذات ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو اس قدر بلند مقام عطا فرمایا کہ ان کا ہر عمل اور ہر پہلو سراپا کمال قرار پایا۔
انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی حیاتِ طیبہ سراپا حسن و جمال تھی۔ قرآن نے آپ ﷺ کے اخلاق کو کامل اور بے مثال قرار دیا ہے۔ آپ سراپا عفو و درگزر، نرم خو، میٹھی زبان والے اور بے مثال کردار کے حامل تھے۔ اللہ رب العزت نے قرآن میں بارہا اپنے محبوب ﷺ کی قسمیں کھا کر اپنی محبت کا اظہار فرمایا اور معراج کی رات اپنے جلووں سے مشرف کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضور ﷺ کی سیرت مبارکہ میں عجز، شفقت اور انسان دوستی کے ایسے روشن پہلو ہیں جن سے آج بھی رہنمائی لی جا سکتی ہے۔ آپ ﷺ غریب کی دعوت قبول فرماتے، امیر کے ہاں کم جاتے۔ محرومی پر صبر اور نعمت پر شکر ادا کرتے۔ آپ کے اخلاق کی برکت سے بدو سے لے کر صحابہ کرام تک ہر شخص متاثر ہوتا اور ہمیشہ کے لیے سیدھی راہ اختیار کر لیتا۔ یہی وجہ ہے کہ صحابہ کرام نے اپنی جانیں قربان کر کے آپ ﷺ کی محبت کا حق ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم اپنے کردار اور اخلاق کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ ہمارے اندر پیارے آقا ﷺ کی سیرت کی جھلک کتنی ہے۔ اگر ہم اپنی زندگیاں آپ ﷺ کے اخلاق کے مطابق ڈھال لیں تو معاشرے سے نفرت، کینہ اور انتقام ختم ہو جائے گا اور محبت، اخوت اور امن قائم ہوگا۔
تقریب کے آخر میں چیئرمین سپریم کونسل نے 20 سے زائد افراد کو تحریکِ منہاج القرآن کی لائف ممبرشپ اسناد دیں جبکہ ہزارہ زون کی جانب سے ضلع ہری پور کے مختلف فورمز کے لیے حسنِ کارکردگی کی اعزازی شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کیں۔ آستانہ عالیہ چھوڑ شریف کے صاحبزادہ عطاءالرحمان نے پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو 30 پارے درود و سلام (تصنیف خواجہ عبدالرخمان چھوہروی) کا تحفہ پیش کیا۔
محفل میلادِ مصطفیٰ ﷺ میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، ممبر صوبائی اسمبلی ملک عدیل اعوان، پیر عطاء الرحمن، سابق ایم پی اے ملک عاطف، پیر سید مقبول حسین شاہ، حاجی غلام شبیر، جاوید ہزاروی، شیخ فرحان عزیز، ڈاکٹر عمران یونس، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، قاضی فیض الاسلام، حامد رضا قریشی، پروفیسر مظہر حسین خیال، پروفیسر خضر حیات، مشکور حسین صواتی، محمد اعظم قادری، سعید احمد قادری، محسن جہانگیر سمیت علماء و مشائخ، سیاسی و سماجی رہنما اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔







































تبصرہ