قومیں تعلیم سے ترقی کرتی ہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

ترناوا میں ’’کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب
خرم نواز گنڈا پور، سید امجد علی شاہ، انجینئر رفیع الدین، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد میں شرکت

Dr Hassan Qadri Foundation Stone Minhaj College Tarnawa Khanpur

لاہور (4 اکتوبر2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قومیں تعلیم سے ترقی کرتی ہیں۔ منہاج القرآن ملک بھرکے پسماندہ علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ تعلیم سے ملک ترقی کرے گا اور غربت، جہالت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور متشدد رویوں سے نجات ملے گی اور نوجوانوں کی تقدیر بدلے گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویثرن ہے کہ قدیم و جدید علوم یکجا کرنے سے ہی رومی، رازی اور سعدی پیدا ہوں گے، ہمیں اسلاف کی علمی وراثت سے اپنا رشتہ مضبوط بنانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترناوا خان پور میں ’’منہاج کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز‘‘ کاسنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر پراجیکٹس و انسٹیٹیوشنز سید امجد علی شاہ، انجینئر رفیع الدین سمیت تعلیمی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نےبڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اس تعلیمی منصوبہ کی تکمیل پر یہاں کے نوجوانوں کو لاہور، اسلام آباد جیسے بڑھے شہروں میں جانے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری تربیت کو بامقصد تعلیم سمجھتے ہیں اور منہاج القرآن کے تمام اداروں میں تعلیم کے ساتھ تربیت کو فوقیت حاصل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ادارے کو علم وتحقیق اور تربیت کا مرکز بنایا جائے گا تا کہ نئی نسل کے اندر قومی کردارپیدا کیا جا سکے۔ ڈائریکٹر پراجیکٹس و انسٹیٹیوشنز سید امجد علی شاہ نے تقریب میںپروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس میں انہوں نےبتایا کہ کالج کی تعمیر پر 17 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ تین برس میں مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کالج کی عمارت جدید طرزِ تعمیر کی حامل ہوگی جس میں شریعہ اور اسلامی علوم کے ساتھ جدید تعلیمی مضامین کی تدریس بھی شامل ہوگی۔ تقریب میں حاجی ملک ممتاز اکبر، حاجی غلام شبیر، نثار سلیمانی، جاوید ہزاروی، شیخ فرحان عزیز، ڈاکٹر عمران یونس، سردار جاوید، انجینئر رفیع الدین، ذیشان کلیم، آرکیٹیکٹ ولید آصف، احتشام الحق اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین، خانپور، ہری پور، ایبٹ آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top