نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ میں ہر دور کے مسائل کا حل موجود ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

نبی اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ ہی بہترین دستور حیات ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل
’’سیرت النبی ﷺ کانفرنس ‘‘ سے خطاب، علماو مشائخ کی بڑی تعداد میں شرکت

Dr Hassan Qadri Milad Conference Haripur SkyLight Marquee

لاہور(5 اکتوبر2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ’’سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ تمام انسانیت کےلئے مشعل راہ ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ میں ہر دور کے مسائل کا حل موجود ہے۔ آپ ﷺ نے عدل،مساوات،رحم دلی اور کردار کی پاکیزگی کا عملی نمونہ پیش کیا۔ قرآنِ مجید نے حضور نبی کریم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ کو ’’عظیم‘‘ قرار دیا۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے کہ ’’بے شک آپ ﷺ خلقِ عظیم کے اعلیٰ درجے پر فائز ہیں‘‘۔ کائنات کے ہر کمال کا سرچشمہ اور ہر جمال کا منبع حضور ﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو اس قدر بلند مقام عطا فرمایا کہ ان کا ہر عمل سراپا کمال قرار پایا۔

ہری پور میں منعقدہ ’’ سیرت النبیﷺ کانفرنس‘‘ میں ممتاز علما، مشائخ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسرڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضور نبی اکرمﷺ کی حیاتِ طیبہ سراپا حسن و جمال تھی۔ قرآن کریم نے آپ ﷺ کے اخلاق کو کامل اور بے مثال قرار دیا ہے۔ آپ ﷺ سراپا عفو و درگزر، نرم خو، میٹھی زبان والے اور بے مثال کردار کے حامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ میں عجز، شفقت، مساوات اور انسان دوستی کے ایسے روشن پہلو ہیں جو آج بھی دنیا کے لیے رہنمائی اور امن کا سرچشمہ ہیں۔

چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ آج ہمیں اپنے کردار و اخلاق کا محاسبہ کرنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ ہماری زندگیوں میں آقا ﷺ کی سیرت کی جھلک کتنی ہے۔ اگر ہم اپنی زندگیاں آپ ﷺ کے اخلاق کے مطابق ڈھال لیں تو معاشرے سے نفرت، کینہ اور انتقام ختم ہو جائے گا اور محبت، اخوت اور امن قائم ہوگا۔

سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، ممبر صوبائی اسمبلی ملک عدیل اعوان، پیر عطاء الرحمن، سابق ایم پی اے ملک عاطف، پیر سید مقبول حسین شاہ، حاجی غلام شبیر، جاوید ہزاروی، شیخ فرحان عزیز، ڈاکٹر عمران یونس، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، قاضی فیض الاسلام، حامد رضا قریشی، پروفیسر مظہر حسین خیال، پروفیسر خضر حیات، مشکور حسین صواتی، محمد اعظم قادری، سعید احمد قادری، محسن جہانگیر سمیت علماء و مشائخ، سیاسی و سماجی رہنمااور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top