ایمان کی تکمیل عشقِ مصطفی ﷺ کے بغیر ممکن نہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

نوجوان سیرتِ نبیﷺ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل
نبی کریم ﷺ سے سچی محبت ہی مومن کے دل کو منور کرتی ہے، جلال بابا آڈیٹوریم میں میلادِ مصطفی ﷺ کانفرنس سے خطاب

Dr Hassan Qadri Speech Milad Conference Jalal Baba Auditorium Abbottabad 2025

لاہور(6 اکتوبر 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ایمان کی تکمیل عشق مصطفی ﷺ کے بغیر ممکن نہیں کیونکہ عشق رسولﷺ ہی ایمان کی روح اور بنیاد ہے، نبی کریم ﷺ سے سچی محبت ہی مومن کے دل کو منور کرتی ہے اور انسان کے کردار کو سنوارتی ہے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے”نبی ﷺ مومنوں کے لیے ان کی جانوں سے بھی زیادہ قریب ہیں“۔ اگر کوئی شخص آقا ﷺ سے والہانہ محبت کا رشتہ قائم کر لے تو وہ کبھی گمراہ نہیں ہو سکتا۔ ایمان کا کمال اسی وقت حاصل ہوتا ہے جب انسان نبی کریم ﷺ کی اطاعت اور ان کے ہر فرمان پر عمل کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لے۔

حضور نبی اکرم ﷺ کی تعظیم و ادب ایمان کی بنیاد ہے، جس دل میں آقا ﷺ کا ادب نہیں اس کا ایمان مکمل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلال بابا آڈیٹوریم میں منعقدہ میلادِ مصطفیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محبت ان سے کی جاتی ہے جن کی قربت سے روح کو سکون ملے اور دل کو قرار حاصل ہو۔ حضورنبی اکرم ﷺ کے حسن و جمال، ان کی عقل و دانائی، ان کے رُخِ انور اور گفتار میں وہ انفرادیت ہے جو کسی اور کے پاس نہیں۔ اللہ کا محبوب سراپا محبت ہے اور ایمان کی تکمیل اسی وقت ہوتی ہے جب بندہ اللہ کے محبوب ﷺ سے محبت کرے، ان کے حکم کو تسلیم کرے، ان کے ہر قول و فعل کو راہِ نجات سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید سراپا محبتِ مصطفی ﷺ ہے۔ اللہ نے اپنے محبوب کی عظمت بیان کرنے کے لیے بارہا ان کی قسمیں کھائیں۔ قرآن کی الحمد سے والناس تک اللہ نے اپنے محبوب ﷺ کی رفعت و شان کا ذکر فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلمان سیرت طیبہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں گے تو معاشرے میں عدل، امن، محبت اور بھائی چارہ پروان چڑھے گا۔

تقریب میں ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، ممبر قومی اسمبلی شہزادہ گشتاسب، محمد جاوید ہزاروی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ چھتڑی شریف سید محبوب شاہ کاظمی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ طوری شریف سید احمد شاہ، سید امجد علی شاہ، شیخ فرحان عزیز، لبنیٰ مشتاق، جویریہ افضل، عائشہ مشتاق، علامہ سید زین العابدین، سید عابد شاہ ترمذی، سید نور افضل شاہ، پیر سید اظہر شاہ، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، حاجی غلام شبیر، راجہ وقار احمد، سید ثاقب شاہ، کامران سہیل ایڈووکیٹ، نصیر خان جدون، نثار احمد سلیمانی، راجہ ظہیر عباس، جمیل صابر سمیت تحریک منہاج القرآن ایبٹ آباد کے جملہ فورمز کے کارکنان و ذمہ داران اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد شریک تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top