عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : ہزارہ ڈویژن

مورخہ 23 ستمبر 2012ء کو توہین آمیز فلم کے خلاف ہزارہ ڈویژن میں اپنے آقا و مولا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن ہزارہ ڈویژن کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت امیر تحریک خیبر پختونخواہ محمد مشتاق سہروردی نے کی۔ ریلی میں شریک افراد نے کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر توہین آمیز فلم، اور عالمی امن کے علمبردار اداروں کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء ریلی نے اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور عقیدت میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پوسٹرز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی میں شریک افراد نے محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفا داری کا بھرپور پیغام دیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک خیبر پختونخواہ نے کہا کہ ہم امت مسلمہ کے گونگے حکمرانوں اور OIC کی بے حسی کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کی سب سے عظیم ہستی کی شان میں کی جانے والی یہ گستاخی ناقابل برداشت ہے، یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کے تحت امت مسلمہ کی وحدت و یگانگت اور عالمی امن پر دہشت گردی کا گھناؤنا حملہ ہے۔

ریلی میں سابق ضلعی ناظم اور سابق ایم پی اے یوسف ایوب خان، فقہ جعفریہ سے ڈاکٹر حسنین رضا، تاجر برادری کے رہنماؤں، تحصیل حویلیاں، تحصیل ہری پور، تحصیل ایبٹ آباد، تحصیل مانسہرہ سے تحریک منہاج القرآن کی تمام تنظیمات نے بھی بھرپور شرکت کی۔ علاوہ ازیں تحریک منہاج القرآن ہزارہ، منہاج القرآن علماء کونسل، پاکستان عوامی منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تمام فورمز کے قائدین اور اراکین سمیت ہزادہ بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

رپورٹ : محمد الیاس اعوان
انفارمیشن سیکرٹری تحصیل حویلیاں

تبصرہ

Top