صاحبزادہ حسین محی الدین قادری آسٹریلوی یونیورسٹی میں نمائندہ طلبہ اور بورڈ آف سٹڈیز کے بلامقابلہ ممبر منتخب

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر اور سپریم کونسل کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری آسٹریلوی یونیورسٹی میں ’’پوسٹ گریجوایٹ سٹوڈنٹس‘‘ کے نمائندہ اور ’’یونیورسٹی سنڈیکیٹ‘‘ میں بورڈ آف سٹڈیز کے بلا مقابلہ ممبر برائے سال 11-2010ء منتخب ہو گئے ہیں۔ گزشتہ برس 2009ء میں آپ نے یونیورسٹی کے باقاعدہ الیکشن جیت کر اس عہدے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس سال جب انتخابات کا اعلان کیا گیا تو اس عہدے کے لیے کل 7 امیدوار سامنے آئے۔ جن میں باقی تمام امیدواروں نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے حق میں دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا یہ بھی اعزاز ہے کہ آسٹریلیا میں آپ کسی بھی یونیورسٹی میں نمائندہ طلبہ منتخب ہونے میں پہلے پاکستانی اور مسلم طالب علم ہیں۔ اس سے پہلے ماضی میں یہ عہدے ہمیشہ انگریز طلبہ کے پاس تھے۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنی علمی قابلیت اور وقار کی بدولت مغربی دنیا کے تمام انگریز طلبہ کو شکست دے کر یہ عہدہ سنبھالا اور اب وہ بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ یونیورسٹی میں طلبہ کی نمائندگی کا یہ اعلیٰ ترین عہدہ ہے۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری آسٹریلیا کی مقامی یونیورسٹی میں ’’گلوبل اکانومی‘‘ کے موضوع پر ڈاکٹریٹ کر رہے ہیں۔ آپ معیشت، اقتصادیات اور انڈسٹری کے موضوع پر متعدد کتب کے مصنف بھی ہیں۔ نوجوان سکالر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے ملکی و بین الاقوامی اخبارات و جرائد میں باقاعدگی سے عالمی معیشت کے موضوع پر مضامین بھی شائع ہو رہے ہیں۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور مرکزی سیکرٹریٹ کے تمام قائدین و کارکنان نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے لیے مزید کامیابیوں و کامرانیوں کی دعائیں بھی کی ہیں۔

تبصرہ

Top