آسٹریلیا: ذکر حسین علیہ السلام ایمان میں استحکام کی علامت ہے: ڈاکٹر حسین قادری کا ذکر حسین کانفرنس سے خطاب

منہاج القرآن انٹرنیشنل وکٹوریہ، آسٹریلیا کے زیراہتمام ذکر امام حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد ہوئی جس سے صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں محبان اہل بیت اطہار کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منقبت امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام پیش کی گئی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا چونکہ شہادت امام حسین علیہ السلام کا ذکر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کئی مرتبہ خود فرمایا اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں مذکور ہے تو گویا ذکر شہادتِ حسین حدیث و سنت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی ہے۔

ڈاکٹر حسین قادری نے کہا کہ ان ہستیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا، ان کی شان، عظمت، عزم و استقامت، صبرو استقلال، تعلیمات اور ان کے اس پورے اقدام کی غرض و غایت کو یاد رکھنا، یہ ایمان میں استحکام کا باعث ہے۔۔۔ اس سے محبت میں مضبوطی نصیب ہوتی ہے۔۔۔ محبت کو جلا ملتی ہے۔۔۔ ایمان کو زندگی اور تازگی نصیب ہوتی ہے۔ لہذا طبیعتوں میں یہ رحجان پیدا کریں کہ جب ان کا ذکر سنیں، ان سے محبت کریں، ان کا پیغام سنیں تو جتنا ہوسکے ان کے پیغام کو زندگی میں نافذ اور جاری و ساری کریں۔ اس طرح محبت سے شروع ہونے والا سفر اتباع پر ختم ہوتا ہے۔ یعنی محبت حسین علیہ السلام اور اتباع حسین علیہ السلام دونوں یکجا ہوں تو اس ذکر کا مقصود پورا ہوتا ہے۔

Dr Hussain Qadri is addressing in the Zikr e Hussain (AS) Conference. Watch Now on Minhaj TV www.minhaj.tv

Posted by Dr. Hussain Mohi-ud-Din Qadri on Sunday, October 25, 2015

تبصرہ

Top