منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کی ایگزیکٹو کے عہدیداران کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب

مورخہ: 25 جون 2011ء

پاک ایشیا کلچر (ویانا) آسٹریا کے چیئرمین حاجی قاسم علی کی جانب سے مورخہ 25 جون 2011ء بروز ہفتہ کو منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کی ایگزیکٹو کے عہدیداروں اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے اراکین کے اعزاز میں منہاج سنٹر ویانا میں ایک پرتکلف عشائیہ کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی آسٹریا، پاکستان کرکٹ کلب آسٹریا، پاک ایشیاء کلچر سنٹر، پاک ایشیاء ہیومن رائٹس، پاک ایشیاء پریس کلب، کشمیر کلچر سنٹر، نور اسلامک سنٹر، مسجد ابراہیم کے خطیب، العمر اسلامک سنٹر، امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، وائس آف ویانا، پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن، پاکستان اوورسیزالائنس دیگر تنظیمات کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ منہاج سنٹر میں اتنے بڑے اجتماع نے ایک تاریخی حیثیت اختیار کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز امیر منہاج القرآن آسٹریا حفیظ اللہ قادری نے قرآن پاک کی آیات مبارکہ کی تلاوت سے کیا۔ اس کے بعد تمام شرکاء نے مل کر درود وسلام پیش کیا۔ حاجی شاہد محمود، حاجی غلام شبیر منہاس، محمد امجد اور محمد نعیم رضا نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

شرکائے محفل سے گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے ناظم محمد نعیم رضا نے واقعہ معراج کی حقیقت بیان کرتے ہوئے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت ورفعت کا تذکرہ کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے حاجی قاسم علی کی جانب سے عظیم الشان تقریب کا اہتمام کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت اور منہاج القرآن کے رول پر تفصیلی گفتگو کی اور لوگوں کو دعوت دی کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور دلوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع کو روشن کرنے کے لئے منہاج القرآن کے عظیم کارواں میں شامل ہوں اور شیخ الاسلام کے دست و باز و بن کر مسلمانوں کو ان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مختلف فلاحی، رفاہی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے حاجی قاسم علی کی طرف سے عشائیہ کی اس پروگرام میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور منہاج القرآن کے ساتھ شانہ بشانہ چلنے کا وعدہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پاک ایشیاء کلچر کے چیئرمین حاجی قاسم علی نے جملہ شرکاء کا شکریہ اد ا کیا کہ انہوں نے ان کی دعوت پر تشریف لا کر حوصلہ افزائی کی۔

رپورٹ: محمداکرم باجوہ

تبصرہ

Top