آسٹریا: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 13 ویں سالانہ میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل (آسٹریا) کے زیر اہتمام مورخہ 02 فروری 2013ء کو ویانا سنٹر میں بعد نماز عصر عظیم الشان 13 ویں سالانہ میلاد کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت خواجہ محمد نسیم (صدرمنہاج القرآن انٹرنیشنل، آسٹریا) نے کی۔

کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی، ترکی اور آسٹریا کے ہر مکتبہ فکر کے افراد کے علاوہ نور سنٹر کے خطیب علامہ حاجی عبدالحفیظ الازہری، مسجد المدینہ کے خطیب قاری شبیر احمد، ایرانی علی مسجد کے ڈائریکٹر محمد بال ایمان، آسٹرین اسلامک تنظیم کے صدر محمد فواد، آسٹرین پارلیمنٹ میں مسلم کمیونٹی کے نمائندہ عمر الراوی اور آسٹرین مسلم سکول کے ڈائریکٹر نے خصوصی شرکت کی۔ان کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی ایک کثیر تعداد ویانا سنٹرمیں موجود تھی۔

میلاد کانفرنس کا آغاز حافظ مدثر اقبال کی تلاوت سے ہوا، نقابت کے فرائض پہلے مرحلے میں یوتھ لیگ کے سلیمان صدیق اور دوسرے حصے میں منہاج سنٹر ویانا کے ناظم محمد نعیم رضا نے خوبصورت اندازمیں ادا کئے۔ یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے مل کر دعائیہ نعت پڑھی، ننھے بچوں نے مل کر قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت میں ہدیہ عقیدت کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں آفتاب احمد، انوار خان، حاجی اکبر علی، فدا حسین، محمد ارشد، سیف الاسلام، مذائقہ ربانی، یورپ کے مشہور نعت خواں شہریار خان شامل تھے۔

علامہ حافظ عبدالحفیظ الازہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جو تعریف کی ہے اس سے بڑھ کر کوئی نہیں کر سکتا۔ آسٹریا میں اسلامک تنظیموں کے صدر محمد فواد، ایرانی مسجد کے محمد بال ایمان اور عمر الروامی نے بھی بڑی تفصیل کے ساتھ سیر ت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالی۔منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر عمیر الطاف نے جرمن زبان میں منہاج القرآن کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر ویانا کے ڈائریکٹر علامہ مدثر اعوان نے اپنے خطاب سے قبل میلاد کانفرنس میں شریک جملہ مسلم تنظیموں اور ان کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ علامہ مدثر اعوان نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب کو رحمت اللعالمین کہا اور اپنے بارے میں فرمایا کہ میں رب العالمین ہوں اور یوں جہاں جہاں اللہ رب العزت کی کبریائی ہے، حکومت ہے تمام جہانوں کے لئے وہیں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مصطفائی ہے ان کی رحمت بھی تمام جہانوں کے لئے ہے۔ اللہ رب العز ت نے قرآن میں فرمایا کہ اے محبوب میں شہر مکہ کی قسم کھاتا ہوں جس میں تو چلتا پھرتا ہے۔ اے بندو میں رب ہو کر صرف اپنے محبوب کی عظمت اور رفعت کے لئے قسم کھا رہا ہوں۔ انہوں نے انتہائی مدلل انداز میں انگلش، اردو اور پنجابی میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر روشنی ڈالی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدرخواجہ محمد نسیم نے اختتام پر اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے منہاج القرآن آسٹریا کی تنظیم، یوتھ لیگ، ویمن لیگ، نور مسجد، مسجد المدینہ، پی سی سی، دعو ت اسلامی، العمر اسلامک سنٹر اور پاکستانی میڈیا جذبہ کے بیورو چیف محمداکرم باجوہ، بابائے صحافت جیوے ملت ڈاٹ کام کے چیف ایڈیٹر محمد بشیر ناصر، ڈیلی اپنا کے محمد اقبال غوری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تحائف پیش کئے۔پروگرام کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کا ٹکٹ دیا گیا جبکہ درود وسلام اور دعا کے بعد کانفرنس کا اختتام ہوا۔

رپورٹ: محمداکرم باجوہ

تبصرہ

Top