بیداری شعور ورکرز کنونشن (چشتیاں) - 2012

مورخہ: 22 جون 2012ء

مورخہ 22 جون کو تحریک منہاج القرآن چشتیاں کے زیراہتمام بیداری شعور ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت احمد نواز انجم امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب نے کی۔ ورکرز کنونشن میں ڈاہرانوالہ، بہاولنگر، حاصلپور اور منچن آباد سے کثیر تعداد میں ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت کے ساتھ ہوا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس صدی کی رسول نما تحریک ہے جس کی قیادت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے عظیم تحریکی ساتھیوں ہمارا سفر جاری ہے اور پیغمبرانہ جدوجہد پر مبنی اس سفر کو ہماری زندگیوں کے بعد بھی جاری رہنا ہے، آج تک کے سفر کو کافی سمجھ کر بیٹھ نہیں جانا یہ تو ابتدا تھی ابھی ہم نے بہت آگے جانا ہے۔ ہمیں عظیم منزل کے حصول کے لئے آج سے آرام طلبی، عیش کوشی اور بے مقصدیت کو اپنی زندگی سے نکالنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی جملہ کاوشوں کو رضائے الہی کے حصول کا زریعہ بنائیں۔ علم، عمل اور تقوی کے زیور سے خود کو بھی آراستہ کریں اور دوسروں کو بھی اس سے مستفید کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ 4 نومبر کو ہمارے محبوب قائد وطن عزیز پاکستان تشریف لارہے ہیں۔ ہم اپنے ہر دلعزیز قائدکا ایسا تاریخی استقبال کریں گے کہ پاکستان میں آج تک کسی قائد کا ایسا استقبال نہیں ہوا ہوگا۔ ان شاء اللہ 20 لاکھ سے زائد لوگ مینار پاکستان پر تاریخی استقبال کر کے یہ ثابت کریں گے کہ پاکستانی قوم کے سب سے مقبول قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں۔ پاکستان میں حقیقی تبدیلی نظام بدلنے سے آئے گی، چہرے بدلنے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ کارکن شیخ الاسلام کا بیداری شعور کا پیغام عوام الناس تک پہنچائیں تاکہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کی راہ ہموار کی جاسکے

کنونشن سے احمد حسن فاروقی نائب ناظم پنجاب اور چوہدری ظفر اقبال کاہلوں و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

رپورٹ: عتیق چوہدری

تبصرہ

Top