منہاج القرآن انٹرنیشنل (بنگلہ دیش) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اور تنظیم نو

مورخہ: 29 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل (بنگلہ دیش) کے زیراہتمام مورخہ 29 جون 2012ء کو امیر تحریک صوفی میزان الرحمن کی حویلی میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوفی میزان الرحمن نے کی۔ اجلاس میں مہمان خصوصی الحاج ڈاکٹر منیر احمد چودھری (چیئرمین شعبہ پولیٹیکل سائنس چٹاگانگ) اور پروفیسر اکبر حسین (پروفیسر گپیال گنج کالج) تھے جبکہ منہاج القرآن کے عہدیداران، وابستگان اور رفقاء کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد ابو قیصر نے حاصل کی، مولانا محمد حسن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ نقابت کے فرائض محمد ابوالکلام نے سرانجام دیئے ۔ صوفی میزان الرحمن (امیر تحریک) نے استقبالہ کلمات ادا کئے۔ نقیب محفل محمد ابوالکلام نے حاضرین مجلس کے سامنے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا جس میں بنگلہ دیش میں منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کونسل کی تشکیل، مرکزی دفتر کے افتتاح کی تاریخ کا تعین اور رمضان المبارک میں افطاریوں کا شیڈول شامل تھا۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے اتفاق رائے سے پروفیسر منیر احمد چودھری (صدر)، اکبر حسین (سینئر نائب صدر)، انور حسین (نائب صدر)، محمد ابوالکلام (ناظم)، ڈاکٹر محمد حنیف (نائب ناظم)، سراج المصطفیٰ (ناظم مالیات)، الحاج اختر پرویز چودھری (ناظم ویلفیئر)، مولانا محمد ابوقیصر (ناظم نشرو اشاعت)، محمد سراج الدولہ (ناظم آرگنائزر)، قاری ذاکر حسین (ناظم دفتر)، محمد منیر الاسلام (ناظم ممبر شپ)، الحاج محمد نور الامین (ممبر)، محمد لقمان علی عثمان (ممبر) اور محمد سیف الاسلام (ممبر) منتخب ہوئے، جنہیں پورے ہاؤس نے مبارکباد پیش کی۔

اس کے بعد ضیا ء الرحمن نے منہاج القرآن کی گذشتہ آٹھ سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، انہوں نے کہا کہ مولانا محمد ابوالکلام نے بنگلہ دیش میں منہاج القرآن کی بنیاد رکھ کرامت مسلمہ اور بالخصوص اہلیان بنگلہ دیش پر احسان کیا ہے۔ انہوں نے صوفی میزان الرحمن کی مشن میں شمولیت کے حوالہ سے کہا کہ یہ اللہ رب العزت کی عظیم نعمت ہے جن کے مالی اور بدنی تعاون سے بنگلہ دیش میں دن بدن مشن کو فروغ نصیب ہو رہا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تک غریب اور بے سہاروں کے لئے آٹھ لاکھ دس ہزار روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ چٹاگانگ میں تین دینی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چل رہے ہیں۔ نو منتخب سینئر نائب صدر اکبر حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام نبیوں کے سردار ہیں اور ہم سب امتوں کے سردار ہیں مگر بدقسمتی یہ ہے کہ ہم آج در بدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں سارے فن، ٹیکنالوجی، سائنس کافر اور یہودیوں کے ہاتھ میں ہے ہم آپس میں جھگڑنے اور ایک دوسرے کو کافر کہنے میں مصروف ہیں۔امت مسلمہ کے کھوئے مقام کو دوبارہ بحال کرنے اور ان کے وقار کو پھر سے واپس لانے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آواز بلند کی ہے ہمیں چاہیئے کہ ان کے دست وبازو بن جائیں۔

امیر تحریک منہاج القرآن صوفی میزان الرحمن نے نو منتخب عہدیدران کو مبارکباد پیش کی اور حلف لیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ نو منتخب باڈی میں اہل علم و دانش وفکر کی شرکت سے مشن کے کام کو مزید فروغ، استحکام اور ترقی نصیب ہوگی۔ نو منتخب صدر ڈاکٹر الحاج منیر احمد چودھری نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادیت پرستی کے اس دور میں ہمیں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی منزل دکھائی اور فلاح انسانیت کا درس دیتے ہوئے ایک خوبصورت پلیٹ فارم مہیا کیا۔ اجلاس کو کامیاب بنانے میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ناظم ضیاء الرحمن اور توحید نے اہم کردار ادا کیا۔ اجلاس کا اختتام دعا سے ہوا ۔

رپورٹ: محمد ابوالکلام

تبصرہ

Top