چکوال : شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس

تحریک منہاج القرآن چکوال کے زیراہتمام پیغام شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد مقامی میرج ہال میں کیا گیا، جس میں شہادت امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شان میں کیا گیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب ’مرج البحرین یلتقیان کی تفسیر‘ بذریعہ پروجیکٹر دکھایا گیا۔ جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی سیرت کا ایک باب ہے، کربلا کے میدان میں اس ہستی نے اس قول مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لاج رکھی کہ ’حسین مجھ سے ہیں اور میں حسین سے ہوں‘۔ انہوں نے کہا کہ کل جزو سے تو ہوتا ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے حسین رضی اللہ عنہ کا ہونا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن حسین رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیسے؟ اور میں حسین رضی اللہ عنہ سے ہوں اس بات کو سمجھنا ہو تو سن 60 ہجری حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد سمجھ میں آتا ہے کہ آج حسین رضی اللہ عنہ کے نام سے اسلام زندہ ہے۔ اگر امام عالی مقام اس وقت اپنے 72 تن قربان نہ کرتے تو آج اسلام کا کوئی نام لینے والا نہ ہوتا۔ آج پھر یزیدی نظام پر پھیلائے ہوئے ہے اور آج پھر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی سیرت پر عمل کرنے کے لئے کسی مسیحا کی ضرورت ہے جو یزیدی نظام کو دریا برد کر سکے۔

اس پروگرام میں صحافی، وکلاء، ڈاکٹرز، ٹیچرز، علمائے کرام اہل سنت و اہل تشیع اور سماجی و سیاسی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جنہوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں پروگرام میں خصوصی طور پر چکوال چرچ کے پادری عارف چوہان نے شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت کسی ایک مذہب کے لئے نہیں تھی، بلکہ انہوں نے پوری انسانیت کے لئے قربانی دیکر یہ پیغام دیا کہ ظلم جہاں بھی ہو، اس کے لئے ڈٹ جاؤ، چاہے اس کیلئے پورا کنبہ ہی کیوں نا قربان کرنا پڑ جائے۔

آخر میں پروگرام کے روح رواں توقیر ایڈووکیٹ، ملک احسان محفوظ، اور طاہر اعوان ایڈ ووکیٹ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

Top