چکوال: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام سالانہ میلاد مارچ

تحریک منہاج القرآن چکوال کے زیر اہتمام سالانہ استقبال ربیع الاول میلاد مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ ریسکیو15 چوک سے شروع ہوا جو بھون چوک سے ہوتا ہوا تحصیل چوک میں اختتام پذیر ہوا۔ مارچ میں تحریک منہاج القرآن چکوال کے صدر ملک نذر حسین، ناظم حاجی جہانگیر حسین، پاکستان عوامی تحریک چکوال کے صدر توقیر اعوان ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ساجد حسین اعوان، منہاج القرآن علماء کونسل چکوال کے صدر حافظ محمد خان قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کی رافعہ عروج ملک، عظمی عروج ملک، علامہ عاطف بشیر قادری، حاجی محمد صفدر اور ڈاکٹر سہیل محمود جنجوعہ سمیت تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے قائدین و کارکنان اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مارچ کے شرکاء نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعرے اور اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم درج تھا۔ مارچ کے شرکاء راستے میں درود و سلام کا ورد کرتے رہے۔ شرکاء پر جگہ جگہ عوام الناس کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچاور کی گئیں۔ مارچ تحصیل چوک پر اختتام پذیر ہوا جہاں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے آغاز کیا گیا جس کی سعادت حافظ سراج منیر نے حاصل کی، جبکہ حافظ عبدالقادر نے بارگاہ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔ طاہر محمود اعوان اور علامہ عاطف بشیر قادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمان محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نبی کی تعظیم کے بغیر نامکمل ہے۔ رافعہ عروج ملک نے کہا کہ کائنات کی سب سے بڑی خوشی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت ہے جس کو منانے کا حکم ہمیں قرآن سے ملتا ہے۔ آخر میں توقیر اعوان ایڈووکیٹ نے تمام فورمز کی جانب سے شرکاء اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور حافظ محمد خان قادری نے اختتامی دعا کروائی۔

تبصرہ

Top