منہاج القرآن ویمن لیگ (ڈنمارک) کے زیراہتمام میلاد النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 05 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کوپن ہیگن کے مرکز نورتھ ویسٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 05 مئی 2012ء کو ایک عظیم الشان میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ایک ہزار سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کی ممبر محترمہ غزالہ حسن قادری تھیں۔ دیگر مہمانوں میں برطانیہ سے نوشازہ فیاض(نیلسن) اور عنبرین حسین (لندن) نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حلیمہ اوپل نے حاصل کی اور حمد باری تعالیٰ شبانہ احمد نے پیش کی۔ ثمیلہ قریشی، منہاج نعت کونسل ویلبی، منہاج نعت کونسل اوڈنے اور نورتھ ویسٹ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کی صورت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ حلیمہ اوپل نے موضوع کی مناسبت سے ڈینش زبان میں تقریر کی۔ محترمہ مسرت ظہور نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف پیش کیا اور ڈنمارک میں منہاج القرآن کی سرگرمیوں سے خواتین کو آگاہ کیا۔ محترمہ جمیلہ غفور نے خوبصورت انداز میں نعتیہ اشعار پیش کئے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی سرپرست محترمہ نفیس فاطمہ نے معزز مہمان کا تعارف پیش کیا اور انہیں خطاب کی دعوت دی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کی ممبر محترمہ غزالہ حسن قادری نے اپنے خطاب میں ایمان کی حقیقت لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ سے سمجھائی۔ انہوں نے کہا کہ لاالہ الااللہ ایمان کی چھت اور محمد رسول اللہ اس کی سیڑھی ہے۔ اللہ سے رسائی اسی صورت میں ممکن ہے کہ پہلے رسول مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک رسائی حاصل کی جائے اور ان تک رسائی ان سے محبت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت مبارکہ کی روشنی میں بتایا کہ اللہ کی محبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے بغیر ممکن و قبول نہیں۔ دین کی تکمیل دو چیزوں پر عمل کرنے سے ہوتی ہے، ایک اسلام کی تعلیمات پر عمل اور دوسرا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس سے محبت و عشق کرنے سے۔ اللہ کا نظام ہے کہ ہر جسم کی ایک روح ہوتی ہے، دین کا جسم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شریعت نماز، روزہ، حج، زکوۃ وغیرہ ہیں اور اس کی روح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے۔ جس طرح جسم سے روح نکل جائے تو وہ جسم مردہ ہو جاتا ہے اسی طرح اگر دین کے جسم سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت نکل جائے تو وہ مردہ ہوجائے گا۔

محترمہ غزالہ حسن قادری نے مزید کہا کہ ہمیں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جتنی محبت ہو گی ہمارا ایمان اتنا ہی مضبوط ہوگا اور اتنی ہی اللہ رب العزت کی معرفت نصیب ہوگی۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بہترین ذریعہ سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنا اور کثرت سے درود وسلام پڑھنا ہے۔

پروگرام کے اختتام پر کنول بٹ نے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور محترمہ نفیس فاطمہ نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے مہمانوں کو تحائف پیش کئے۔ کانفرنس میں منہاج لائبریری کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب وکیسٹس کا سٹال لگایا گیا تھا جس سے خواتین کی بڑی تعداد نے خریداری کی۔ محترمہ کوکب اوپل نے سلام پیش کیا جبکہ محترمہ جمیلہ غفور نے خصوصی دعا کرائی۔

رپورٹ: شبانہ احمد

تبصرہ

Top