ڈنمارک: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یوم شہداء کی تقریب

مورخہ: 17 جون 2016ء

کوپن ہیگن (محمد منیر طاہر) شہدائے ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک ڈنمارک نے 17 جون 2016 کو یومِ شہداء کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور سیاسی و سماجی اور مذہبی تنظیمات کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب میں شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور افطاری کا اہتمام کیا گیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم اسلامی ڈنمارک کے صدر فرید مومن نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء صرف پاکستان عوامی تحریک کے کارکن نہیں، ریاست کے شہری اور قوم کے فرزند بھی ہیں۔ شہداء کے ورثاء کو انصاف دلانے کے لیے پوری قو کو پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف ڈنمارک کے راہنما راجہ شوکت نے کہا کہ ظلم کے سامنے ڈٹ جانے والے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تحریک آزادئ کشمیر ڈنمارک کے صدر عدیل عاصی نے کہا کہ دکھ اس بات کا ہے ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے ہمارے بہن بھائیوں کے قاتل دندناتے پھرتے ہیں اور قانون ان کے سامنے بےبس دکھائی دیتا ہے۔ تقریب سے پاکستان عوامی تحریک ڈنمارک کے سابق صدر سید اعجاز حیدر بخاری، ہموطن میگزین کے چیف ایڈیٹر امانت چوہدری اور عامر فاروق نے بھی خطاب کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے امیر شیخ اشفاق احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تبصرہ

Top