منہاج القرآن ڈنمارک کی تنظیمات کا ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کیساتھ ایگزیکٹو سیشن

چئیرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈ اکٹر حسن محی الدین قادری کا منہاج القرآن ڈنمارک کی تنظیمات سے خصوصی ایگزیکٹو سیشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں منہاج القرآن ڈنمارک کے تمام فورمز کے ایگزیکٹو شامل ہوئے اور اپنی کارکردگی، حکمت عملی اور مستقبل کے پلان پیش کیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے صدر ڈاکٹرعرفان ظہور احمد نے ملکی تنظیم کی حکمت عملی اور فورمز کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار کو ڈسکس کیا۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اور ہیڈ آف ایجوکیشن، مفتی ارشاد حسین سعیدی نے تعلیمی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا، اگلے ماہ منہاج سکول کے بچوں کے لیے بون بون لینڈ کے تفریحی ٹور کی بابت آگاہ کیا اور آئندہ منصوبہ جات پیش کیے۔

ذیلی تنظیم نارتھ ویسٹ کے صدر حافظ سجاد احمد نے اپنے مرکز پہ ہونے والی ایکٹوٹیز پہ روشنی ڈالی اور چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پیش کی۔

منہاج ویلفیئر ڈنمارک کے صدر علی عمران نے عید الفطر مہم کے نتائج پیش کیے، عید قرباں کی جاری مہم کا جائزہ پیش کیا اور اپنے اہداف پہ روشنی ڈالی۔ تنظیم ویلبی کے حوالے سے بتایا گیا کہ حال ہی میں وہاں مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی ہے۔ جس پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ویلبی تنظیم کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

منہاج پیس اینڈ انٹگریشن کونسل کے صدر نے اپنے کام کی بابت بھی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو اگاہ کیا، انہوں نے اپنے پراجیکٹ پروگریسیو سٹیزن کا تعارف پیش کیا، سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ملاقاتوں پہ بات کی اور اپنے کا م کے حوالے سے اہم ہدایات لیں۔

منہاج ویمن لیگ نے ڈنمارک میں منہاج القرآن کے چاروں مراکز پہ خواتین کی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا اور حال ہی میں منہاج سکول آف اسلامک سائنسز کے بچوں او ر فیملیوں کو جرمنی کے مشہور ہنسا پارک کا جو ٹور کرایا اسکی تفصیلات پیش کیں۔

تنظیم آماگر نے اپنے نئے پراجیکٹ کی تفصیل پیش کی جس میں عظیم الشان مسجد کی تعمیر اور شاپنگ سنٹر کا منصوبہ عنقریب شروع ہونے والا ہے۔

منہاج سسٹرز لیگ نے بتایا کہ انکے رمضان اعتکاف میں پچاس خواتین اور بچیاں شامل تھی، چھوٹی بچیوں کے لیے اپنے نئے پراجیکٹ عائشہ اور جوان بچیوں کے لیے اپنے نئے پراجیکٹ التزکیہ کی تفصیلات پیش کیں۔

منہاج یوتھ لیگ کے جنرل سیکرٹری نے اسلامک مواد کو ڈینش میں منتقل کرنے کے اپنے کام کی تفصیلات بتائیں، حالیہ فٹبال ٹورنامنٹ اور باربی کیو پارٹی کی تصاویر پراجیکٹر پہ دکھاتے ہوئے تفصیل بیان کی۔

آخر میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تنظیمی کام کے حوالے سے عمدہ اصلاحی گفتگو کی اور تنظیم کے کام میں چند تبدیلیاں تجویز کیں جنہیں احسن انداز میں سب کی رائے اور مشاورت سے منظور کیا گیا۔ اس موقع پر آپ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی تمام ذیلی تنظیمات کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔

رپورٹ: محمد منیرطاہر (کوپن ہیگن)

تبصرہ

Top