ڈنمارک (اوڈنسے): منہاج القرآن کے زیراہتمام دو روزہ اسلامک لرننگ کورس

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام اوڈنسے میں تیرہ سے تیس سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے 2 روزہ اسلامک لرننگ کورس کا اہتمام کیا گیا، جس میں بچے اور بچیوں نے بھر پورشرکت کی۔ اسلامک لرننگ کورس کے ذریعے بچوں کو طہارت، وضو، غسل، نماز اور نمازِ جنازہ کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ محترم عامر حسین بٹ نے ڈینش زبان میں بچوں کو بریف کیا جبکہ علامہ محمد ندیم یونس(صدر منہاج القرآن اوڈنسے) نے سوال و جواب کی نشست کے ذریعے بچوں کو جدید مسائل سے آگاہ کیا۔ بہترین نتائج کے حصول کے لیے ملٹی میڈیا کا استعمال کیا گیا۔ محترمہ ماریہ شاہ صاحبہ اور محترمہ صائمہ حسنین صاحبہ نے اردو اور ڈینش زبان میں بچیوں کو فقہی مسائل سے آگاہ کیا۔ علامہ محمد حسنین فرید (ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن اوڈنسے) نے نماز کی درستگی اور عملی پریکٹس کے حوالے سے بریف کیا۔

محترمہ سارہ یوسف (صدر منہاج القرآن اوڈنسے) نے اپنی ٹیم کے ساتھ کورس میں شرکت کی۔ منہاج القرآن اوڈنسے کی جملہ انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی نے اس کورس کو خوب سراہا۔ بچوں نے اپنے فیڈ بیک کے ذریعے بتایا کہ اس طرح کے کورسز نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے ضروری ہیں۔ اس موقع پر علامہ محمد ندیم یونس نے اپنی گفتگو میں کہا کہ منہاج القرآن نہ صرف یورپ میں بلکہ پوری دنیا میں نوجوان نسل کی اخلاقی و روحانی تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

آخر میں شرکاء کو ریفریشمنٹ بھی کروائی گئی۔

تبصرہ

Top