اوڈنسے (ڈنمارک): سالانہ میلاد النبی کانفرنس

مورخہ: 07 مارچ 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوڈنسے، ڈنمارک کے زیراہتمام سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس مورخہ 7 مارچ 2009ء کو منعقد ہوئی۔ اس عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد اوڈنسے یونیورسٹی کے خوبصورت آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ یہ پروگرام یونیورسٹی میں زیر تعلیم مسلم طلبہ کی نمائندہ تنظیم مسلم سٹوڈنٹس یونین کے تعاون سے انعقاد پذیر ہوا۔ کانفرنس کی صدارت امیر تحریک ڈنمارک علامہ عبدالستار سراج نے کی جبکہ مہمان خصوصی ناظم ڈنمارک بلال اپل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان سے بھی مہمانوں نے خصوصی طور پر شر کت کی۔ کانفرنس میں اوڈنسے بھر سے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کی نظامت حافظ ندیم یونس نے کی۔

کانفرنس کا آغاز جناب قاری عمر نورانی کی خوبصورت آواز میں قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا۔ محمد عباس نے حمدیہ اشعار بارگاہ ایزدی میں پیش کئے۔ سلسلہ نعت شروع ہوا، مقامی نعت خوانوں نے محبت و عقیدت سے مدحت رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی۔ عدیل شاہ، ملک محمد نواز، اختر حسین چیمہ، جمشید خان، راجہ محمد اکبر نے نعت پڑھی۔ بچوں کی نمائندگی ماریہ ملک اور اویس چودھری نے کی جب کہ عورتوں کی طرف سے شمع چیمہ نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔

پاکستان سے تشریف لائے ہوئے، پروفیسر سرور صدیق نے بہت ہی خوبصورت اور دلکش انداز میں نعتیں پیش کیں۔ انہوں نے اپنی مخصوص طرز پر ذکر پاک پر مشتمل نعت پڑھی، جسے خواتین و حضرات نے بہت زیادہ پسند کیا۔ ڈینش زبان میں ڈاکٹر ندیم عاصم کا خطاب ہوا جسے نوجوانوں نے بہت پسند کیا۔

آخر میں مرکزی ناظم تربیت علامہ غلام مرتضی علوی نے شرکاء محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منایا جائے تاکہ دلو ں میں حب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیدا ہو اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنایا جائے تاکہ اخلاق و کردار سے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق عظیمہ کی خوشبو آئے۔

کانفرنس کے انتظامات میں مسلم یوتھ لیگ اوڈنسے کے نوجوانو ں نے بہت محنت سے کام کیا اور انتظامیہ کے تمام دوستوں نے بھر پور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ کانفرنس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

مورخہ 21 فروری 2009 کو منہاج القرآن اوڈنسے میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قائد ڈے کے موقع پر بچوں کے لئے ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں بچوں نے بھرپور حصہ لیا اور پروگرام کو بہت پسند کیا۔ تلاوت کی سعادت انوار احمد شمسی نے حاصل کی۔ لڑکیوں کی طرف سے نساء یوسف نے تلاوت کی۔ ماریہ ملک نے بہت ہی خوبصورت انداز میں ’’شاہ مدینہ شاہ مدینہ‘ ُ والی نعت پیش کی۔ حسن یوسف اور اقرا ملک نے بھی مدحت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حصہ لیا۔

پروگرام سے قبل بچوں کو اسلامی کوئیز کے لئے کچھ سوالات دیئے گئے۔ تمام بچوں نے بہت اچھے انداز میں سوالات کی تیاری کی تھی۔ بچوں کے لئے مختلف قسم کے کھیل بھی رکھے گئے تھے۔ جن میں احمد، نساء، حسن، وقاص، کاشان، ارسلان، انا، نیلم، زوار، شرجیل، رابیل، حفصہ، مدیحہ، انس بٹ، علی شیخ، واصف ملک، تیمور رضوان، سارہ یوسف اور زین نے حصہ لیا۔ تمام بچوں میں مسجد کی ڈرائنگ بنانے کا بھی مقابلہ ہوا۔ جس میں بالترتیب ماریہ ملک، نساء یوسف، عثمان یونس، علی انصر اور اقراء نے پوزیشن حاصل کی۔

آخر میں تمام بچوں کے لئے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس پروگرام کو منظم اور کامیاب کرنے میں تمام بچوں کے والدین کے علاوہ نجم الحسنین شاہ، عامر مطلوب بٹ اور صدر ادارہ انیس مغل نے بہت لگن اور محنت سے کام کیا۔ اللہ تعالی ان تمام کو اجر عظیم عطا فرمائے۔

مورخہ 22 فروری 2009ء بروز اتوار منہاج القرآن کے زیراہتمام اوڈنسے میں خواتین کے لئے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عظیم الشان پروگرام ہوا۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ قاریہ فوزیہ روف نے تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت فریدہ حق نے حاصل کی۔ پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری اسماء شاہ (راقم الحروف) کے پاس تھی۔ کامل حسین صاحبہ جو کہ کوپن ہیگن سے ہماری مہمان تھیں، انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت اور آپ کے حالات زندگی کا مختصر جائزہ ڈینش زبان میں پیش کیا۔

بعد ازاں نعت کی سعادت فزا ملک نے حاصل کی۔ مہمان مقرر آمنہ اسحاق نے ڈینش زبان میں منہاج القرآن اور اس کے مقاصد کے حوالے سے سامعین کو معلومات فراہم کیں۔ محفل کو آگے بڑھاتے ہوئے شاہین افتخار نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ کوپن ہیگن سے ہماری مہمان خصوصی نفیس فاطمہ نے خطاب کیا اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اور کہا کہ حب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی ہمارے ایمان کی جان ہے۔

آخری خطاب امیر یورپین کونسل اور ناروے سے تشریف لائے ہوئے ہمارے معزز اور نہایت ہی قابل احترام علامہ حسن میر قادری کا ہوا۔ انہو ں نے ذات رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے پانچ چیزوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اور کہا کہ اگر ہمارے اندر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی کا علم، پہچان، محبت اور خدمت کا جذبہ پیدا ہوجائے تو فیضان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جاری ہو جائے گا۔

پروگرام کے لئے باجی رضوانہ جن کا تعلق انڈیا سے ہے، نے خصوصی معاونت کی اور تمام شرکائے محفل کی تواضع کا بندوبست کیا۔ آخر میں علامہ حافظ ندیم یونس نے دعا کروائی۔

تبصرہ

Top