ڈیرہ غازیخان: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام بیدارئ شعور ورکرز کنونشن بخاری میرج ہال میں منعقد ہوا جس میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن ڈیرہ غازیخان شہر اور مضافات کے یونین کونسلز یارو کھوسہ، کوٹ مبارک، جھوک یارشاہ، گدپور، لوہار والا  کے عہدیداران اور کارکنان نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب سردار شاکر خان مزاری، علامہ غضنفر حسین قادری، ڈاکٹر اللہ بخش بھٹی، عامر کریم، ملک ربنواز، حاجی عمر، سردار ریاض احمد علیانی، عمر دراز قریشی، موسیٰ بھٹی، زین العابدین اور سلیم محمدی نے خصوصی شرکت کی۔

سردار شاکر خان مزاری سینئر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب نے کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے انسان کے روپ میں خونی بھیڑیے ہیں۔ دہشت گردی، انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور مجرم کی پشت پناہی کرنے والوں کو بھی عبرت ناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کی ایکسٹنشن عوام کو قبول نہیں، نئے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کا تقرر میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان قومی خزانہ لوٹ رہے ہیں آج غربت کی چکی میں پسی ہوئی عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔ نواز حکومت نے سو دن میں سابقہ حکومتوں کی بد ترین کا رکردگی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت عوام کو کچھ نہیں ملے گا۔ ظالمانہ نظام سے چھٹکارے کے لیے عوام کو طاہر القادری کا ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام سیاست مخصوص طبقہ کو پال رہا ہے جس نے عوام سے زندگی کے بنیادی حق بھی چھین لیے ہیں۔ ایک کڑوڑ نمازیوں کی جماعت ضرور ہو گی جس سے کرپٹ سیاست کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔

علامہ غضنفر حسین قادری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ 23 دسمبر سے لانگ مارچ تک ڈاکٹر طاہر القادری نے بیدارئ شعور  کا پیغام دیا، اب وہ وقت دور نہیں جب ظلم، جبر، ناانصافی اور کرپٹ نظام کو سمندر برد کر دیا جائے گا۔ اس مرد قلندر نے اذان دی ہے اور اذان اور نماز میں زیادہ وقفہ نہیں ہوتا بہت جلد مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا، اور اس قوم اور ملک کا مقدر چمک اٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان نماز انقلاب کی صفیں بچھانے کی تیاریاں تیز کر دیں۔ اپنے ورک کو گراس روٹ لیول تک لے جائیں۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام ہر گلی ہر گھر تک پہنچائیں اور لانگ مارچ والے قیام کرنے والے نمازی تیار کریں جو باطل قوتوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور ڈٹ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ جب نماز انقلاب کا وقت آئے گا تو وطن عزیز کا ہر شہر اسلام آباد بن جائے گا اور باطل قوتیں خس و خشاک کی طرح بہہ جائیں گی۔

ڈاکٹر ساعد اختر بلوچ صدر تحریک منہاج القرآن ڈیرہ غازیخان نے کہا کہ قوم کو اپنا شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ چور کبھی چوروں کا احتساب نہیں کریں گے۔ عوام کو اٹھنا ہوگا اور اپنا حق ان ظالموں، لٹیروں اور چوروں سے چھیننا ہو گا۔ طاہر القادری غریب عوام کی آواز ہے۔ ان شاء اللہ مصطفوی انقلاب اس قوم اور ملک کا مقدر بنے گا اور مصطفوی انقلاب کا راستہ کوئی مائی کا لال نہیں روک سکتا۔

کنونشن کے آخر میں وطن عزیز میں حقیقی تبدیلی کیلئے 23 دسمبر سے لانگ مارچ اور کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف منعقدہ عظیم الشان دھرنے میں شریک ہونے والے احباب کو ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے جاری کردہ اسناد دی گئیں۔ ڈیرہ غازیخان میں اعلیٰ خدمات اور بہتریں کارکردگی پر ڈاکٹر اللہ بخش بھٹی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈیرہ غازیخان کو خصوصی شیلڈ دی گئی۔

کنونشن کا اختتام اللہ کے حضور دعائیہ کلمات سے ہوا۔

 

تبصرہ

Top