منہاج القرآن انٹرنیشنل (برلن) جرمنی کے زیراہتمام عظیم الشان محفل نعت

منہاج القرآن انٹرنیشنل مرکز برلن (جرمنی) اور مسجد پاک محمد کی انتظامیہ نے مورخہ 24 فروری 2011ء بروز جمعرات کو مشترکہ طور پر ایک عظیم الشان محفل میلاد کا اہتمام کیا۔ اس محفل میں مسجد بلال، منہاج الحسین، مسجد جعفر صادق، پاکستان مسلم لیگ، پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، ایشین جرمن رفاہی سوسائٹی کے شرکاء کے علاوہ کثیر تعداد میں پاکستانی خواتین وحضرات، بچوں اور مختلف ممالک کے مسلمانوں اور غیر مسلموں نے بھی شرکت کی۔

پروگرام میں آنے والے تمام خواتین وحضرات کو پھول پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا جس کا انتظام منہاج ویمن لیگ کی مسز ناہید عمران نے کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز حبیب الرحمن نے قرآن پاک کی آیات بینات سے کیا۔ اس کے بعد محمد ارشاد (ناظم منہاج القرآن برلن) نے شرکائے محفل کو خوش آمدید کہا اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ محبوب خدا کی سیرت کو نعتوں کی صورت میں پیش کرنے والوں میں منہاج یوتھ لیگ کے شہزیب احمد، خوشنود احمد، محمد علی ارشاد اور محمد اشرف، منہاج الحسین کے شبیر حیدر، مسجد بلال کے رخسار انجم، پاک محمد مسجد کے عامر افتخار خان، رانا محمد اعظم، عرفان علی، عبدالواحد اور حبیب الرحمن شامل تھے۔

وجاہت علی تارڑ، صاحبزادہ عابد حسین عابد (خطیب پاک محمد مسجد)، علامہ حافظ طارق علی (خطیب منہاج القرآن برلن) نے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور آج کے اس پر آشوب دور میں امن، محب، برداشت اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے ایک پر سکون اور کامیاب زندگی گذارنے کے لئے سیرت نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے صدر فیض احمد نے اختتامی کلمات ادا کئے اور تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ حاجی عبد المجید نے خصوصی دعا کرائی۔ منہاج القرآن کی انتظامیہ کے مخلص ساتھیوں غلام حیدر اور محمد آصف نے بڑے احسن انداز سے مہمانوں کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی۔

رپورٹ: محمد ارشاد

تبصرہ

Top