منہاج القرآن انٹرنیشنل (فرینکفرٹ، جرمنی) کے زیراہتمام لیلۃ القدر مذہبی عقیدت واحترام سے منائی گئی

مورخہ: 16 اگست 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل (فرینکفرٹ، جرمنی) نے برکتوں، سعادتوں اور عظمتوں والی رات لیلۃ القدر کی برکتوں سے مستفید ہونے کے لئے مورخہ 16 اگست 2012ء کو بہت ہی خوبصورت شب بیداری کا اہتمام کیا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت آفن باغ سے تشریف لائے قاری محمد عارف نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل فرینکفرٹ کے نعت خواں حاجی محمد افضل قادری، ندیم خان، سکندر، افضال شاہ، بابر چشتی اور زبیر ترمذی نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرینکفرٹ کے صدر محمد عنصر بٹ اور حاجی نذر محمد نے اپنے مخصوص انداز میں نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کر کے خوب داد وصول کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے ڈائریکٹر قاری خالد محمود قادری نے لیلۃالقدر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت اس رات کو اپنے فرشتوں کے ساتھ عرش الٰہی پر سدا دیتا ہے کہ ہے کوئی جو مجھ سے فضل مانگے، میں (رب) اس کو سب کچھ عطا کردوں اور اس رات بندے اپنے رب کی بارگاہ میں سربسجود ہوتے ہیں، اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں، اللہ اپنے فرشتوں سے فرماتا ہے کہ اے فرشتو گواہ رہنا میں نے ان سب کو بخش دیا۔ محفل کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی، بقا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وتندرستی کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔ دعا کے بعد صلوۃ التسبیح ادا کی گئی اور شرکاء کوسحری کرائی گئی۔

رپورٹ: ایم اے مرزا

تبصرہ

Top