منہاج القرآن انٹرنیشنل (ریندی) یونان کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل نعت کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ریندی مرکز یونان کے زیراہتمام مورخہ 13 فروری 2011ء  بروز اتوار کو بعد نماز ظہر تا مغرب آل یونان محفل نعت منعقد کی گئی جس میں یونان بھر سے ثنا خوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری حافظ مدثر مصطفی نے حاصل کی۔ محفل کی نقابت کے فرائض ناظم نشرواشاعت منہاج القرآن یونان نوید سحر نے سرانجام دیئے۔ تلاوت کلام پاک کے بعد نعت خوان حضرات حضور سرور کائنات فخر موجودات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں باری باری حاضری لگواتے رہے۔ جن احباب نے نعت خوانی میں اپنی حاضری لگوائی ان میں لال خان، امانت علی، کپسیلی نعت کونسل، محمد فیاض گوہر، برکات زیدی، استاد باقر چغتائی شامل تھے جنہوں نے اپنی خوش الحانی اور عشق ومحبت میں ڈوبی پرسوز آواز میں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔

قاری محمد اکرم زاہد (کپسیلی)، حافظ محمد نواز ہزاروی (ریندی)، صوفی عبیداللہ چشتی (نیکیا) اور علامہ شہباز احمد صدیقی (امیر منہاج القرآن یونان) نے اپنے خطابات میں کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے پیارے محبوب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام مخلوق کے لئے رحمۃ اللعالمین بنا کر بھیجا، یہ اللہ کا احسان عظیم ہے کہ آپ تمام جہانوں کے لئے رسول بن کر آئے۔ آپ لوگ اس طرح کی روحانی محافل میں آتے رہیں گے تو آپ کے دل بھی روشن ہوں گے اور دماغ بھی، زندگی بھی کامیابی سے گذرے گی اور آخرت بھی انشاء اللہ کامیاب ہو گی۔ امیر تحریک علامہ شہباز احمد صدیقی نے کہا کہ نعت کا مفہوم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف کرنا ہے اور سب سے پہلا نعت خواں خود قرآن ہے، قرآن عظیم بذات خود اللہ کی طرف سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں نعت ہے۔ نعت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کہا کہ میرا دل کرتا ہے کہ میں آپ سرکار کی نعت پڑھوں تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ حسان میرا دل کرتا ہے کہ میں تجھ سے اپنی نعت سنوں۔ آج ہم نعت خواں حضرات حضرت حسان کی سنت پوری کرتے ہیں اور سامعین رسول خدا کی سنت پوری کرتے ہیں۔

محفل نعت میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ایک ایک سی ڈی اور ایک ایک کتاب تحفہ میں تمام حاضرین کو پیش کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کو لنگر پیش کیاگیا۔

رپورٹ: نوید سحر

تبصرہ

Top