منہاج القرآن یوتھ لیگ(ایتھنز) یونان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کنونشن

مورخہ: 24 مارچ 2012ء

منہاج القرآن یوتھ لیگ کپسیلی یونان کے زیر اہتمام مورخہ 24 مارچ 2102ء بروز ہفتہ یوم پاکستان کنونشن کا انعقاد کیاگیاجس میں محبان وطن کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد اعجاز نے حاصل کی، یاسر عمران نے حمد باری تعالیٰ پیش کی جبکہ محمد شہزاد نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج یوتھ لیگ کے کوآرڈینیٹردانش بشیر نےسرانجام دیئے۔ یوم پاکستان کنونشن کی اس تقریب میں ملی نغمے، دعا اور قومی ترانہ پیش کرنے کے بعد یونان کے مشہور ومعروف شاعر طارق کنجاہی نے تقریب میں اپنی لکھی ہوئی پنجابی نظم پیش کی۔

یوم پاکستان کے حوالہ سے تقاریر کا سلسلہ شروع ہواجس میں یونان کے ممتاز صحافی احسان اللہ خان، طلعت جعفری، بدر منیرسندھواور راجہ مجاہدجرال نے یوم پاکستان کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور قیام پاکستان کے لئے جدوجہدکرنے والے تحریک پاکستان کے تمام اکابرین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے بعد منہاج یوتھ لیگ کے صدرتیمورطارق اور تیمور علی عابدنے یوم قرارداد پاکستان کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کیااور بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو یہ پیغام دیاکہ پاکستان ہماری پہچان اور ہماری شان ہے اس لئے ہمیں چاہیئے کہ اس دیار غیر میں رہ کر اپنے کردار اور افعال کو اس قدر بلند کریں جس سے ہمارے ملک اور قوم کا نام روشن ہو۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کپسیلی کے ڈائریکٹر قاری محمد اکرم زاہد نے قرارداد پاکستان کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان برصغیر نے اس دن قیام پاکستان کے لئے تجدید عہد کیا تھا اور آج ہمیں استحکام پاکستان کے لئے تجدید عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے تمام اراکین کو خراج تحسین پیش کیاجنہوں نے دیار غیر میں رہ کر اپنے وطن سے محبت کا عملی ثبوت دیتے ہوئے یوم پاکستان کنونشن کا انعقاد کیا۔ تقریب میں خصوصی شرکت کرنے والوں میں منہاج القرآن یونان کے قائمقام صدر ملک جاوید اقبال اعوان، ناظم الحاج محمد شفیق اعوان، صدر مجلس شوریٰ چودھری محمد اظہر، ناظم تعلیمات عبدالجبار سلہری، حاجی محمد سرور آف بدھوال، حاجی محمد افضل اور شامپور، چودھری موسیٰ خان، چودھری شبیر دھامہ، چودھری محمد یوسف، عابد حسین کھوکھر، حاجی اکرم ڈار، محمد اخلاق چودھری، اعظم چودھری اور مستنصر علی گھرال نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔

رپورٹ:دانش بشیر

تبصرہ

Top