یونان : شان سیدہ کائنات حضرت فا طمۃالزہرہ رضی اللہ عنھا کانفرنس

مورخہ: 08 مئی 2013ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ذیلی مرکز تھیوا کے زیر اہتمام مورخہ 08 مئی2013 ء کو شان سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنھا کے عنوان سے عظیم الشان محفل منعقد ہوئی جس میں دور و نزدیک سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعا دت حافظ محمد الیاس(خطیب مسجد تھیوا)نے حاصل کی بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کرنے والوں میں شرجیل شہباز قادری، احسن عزیز قادری، روحیل شہباز قادری، نبیل شہباز قادری اور منہاج نعت کونسل کے صدر سجاد حسین قادری شامل تھے۔ منہاج القرآن یونان کے مرکزی عہدیداران جن میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان رانا محمد وقار خان، نائب ناظم و ناظم رابطہ چوہدری محمد اسلم، شہباز احمد قادری(صدر ذیلی مرکز تھیوا)، راجہ محمد وسیم (سرپرست ذیلی مرکز تھیوا)، اشتیاق شاہ (نائب صدر ذیلی مرکز تھیوا)، میاں محمد عزیز(ناظم ذیلی مرکز تھیوا)، میاں خاں(ناظم مالیات ذیلی مرکز تھیوا)، مشتاق احمد قادری (سابق صدر ذیلی مرکز تھیوا) اور خالد محمود(سابق ناظم) شامل تھے نے بھی شر کت کی۔

خطیب جامع مسجد ماراتھونا علامہ صوفی عبیداللہ چشتی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعا لیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فر مایا کہ اے پیا رے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان سے فرما دیجیئے کہ اللہ تعالیٰ ان کو ایمان دینے کا کوئی معاوضہ طلب نہیں کرتا مگر اہل بیت رضوان اللہ علیھم سے مودت کر یں۔ مودت اور محبت میں فرق یہ ہے کہ محبت انسان کے دور ہو نے سے بڑتی ہے اور جدائی میں بھی قا ئم رہتی ہے مگر مودت اس کو کہتے ہیں کہ اگر جدائی ہو جائے تو موت واقع ہو جاتی ہے جیسے مچھلی کو پانی کے ساتھ مودت ہے اگر مچھلی کو پانی سے باہر نکال لیا جائے تو چند ہی لمحات بعد مچھلی تڑپ تڑپ کر اپنی جان دے دیتی ہے۔ اور اب اس گھرا نے میں سے جس ہستی کا ذکر خاص ہے ان کی عظمت یہ ہے کہ جیسے ہی میرے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی با رگا ہ میں تشر یف لا تیں تو امام الا نبیا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھڑے ہو کر ان کا استقبال کرتے اور امام الا نبیا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کھڑے ہونا جیسے ساری کی ساری نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کھڑے ہو نا ہے اور فرمایا کہ فاطمۃ الز ہرہ رضی اللہ عنھا جنت کی عورتوں کی سردار ہیں اور پھر فرمایا کہ سیدنا کا ئنات فا طمۃ الزہرہ میرے جسم کا ٹکڑا ہے جو ان سے محبت کرے گا وہ مجھ سے محبت کرے گا اور جو ان سے بغض رکھے گا اس کی میرے ساتھ دشمنی ہو گی اگر تم قرآن اور اس بیت اطہار رضوان اللہ اجمعین کے دا من سے وا بسطہ ہو جا و گے تو یہ دونوں تمھیں جنت میں لے جائیں گی۔

انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اے لوگو! اسی مودت کو عام کرنے کے لئے تحر یک منہاج القرآن پو ری دنیا کو اللہ کا یہ پیغام پہنچا رہی ہے کہ آئیے اس گھر سے ایسے محبت کریں جو مودت میں تبدیل ہو جائے۔ آخر میں درود و سلام ودعا کے بعد حا ضرین میں ذیلی مرکز تھیوا کی طرف سے لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: مرزا امجد جان

تبصرہ

Top