یونان : جشن مو لودکعبہ کا نفرنس(بسلسلہ ولادت حضرت علی رضی اللہ عنہ)

مورخہ: 01 جون 2013ء

یکم جون بروز ہفتہ عصر تا مغرب منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے مرکز ریندی میں ایک عظیم الشان جشن مولود کعبہ کانفرنس کا اہتمام کیاگیا جس میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی جن میں ملک نسیم اعوان (ناظم ذیلی مرکز منہاج القرآن کوروپی)، محمد آصف چک بساوا، ارسلان خرم چیمہ (ناظم مالیات )، چوہدری مدثر خادم سوہل(ناظم ویلفیئر، ناظم پیس اینڈ انٹی گریشن )، حاجی محمد جاوید ( ناظم لائبریری)، محمد اقبال (مسجد کمیٹی)، مرزا محمد امجد جان (ناظم نشرواشاعت )، عادل شہزاد (صدر یوتھ لیگ )، شاہ میر امجد (ناظم یو تھ لیگ )، غلام مرتضیٰ قادری (ناظم منہاج القرآن یونان ) اورسید محمد جمیل شاہ (صدر پاک ہیلینک اینڈ کلچرل سوسائٹی) نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔محفل کا باقاعدہ آغاز تلا وت قرآن مجید سے کیا گیا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفیٰ نے حاصل کی اور نقابت کے فرائض بھی انجام دیے، حضور سرورکونین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے والوں میں محمد عارف، محمد سرور، عبدالجبار، ناصر اکبر، شکیل قادری، فیاض گوہر، شہزاد حسین قادری آف مینیدی اور منہاج نعت کونسل کے صدر سجاد حسین قادری نے اپنے مخصوص انداز میں نعت مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم پیش کی۔

خالد محمود قادری (خطیب مرکز ریندی) نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے کہ اگر تمھیں کسی بات کا علم نہ ہو تو اہل ذکر سے پوچھ لیا کرو یا ان کے پاس جایا کرو۔ہوتا تو یوں ہے کہ کسی چیز کے متعلق پوچھنے کیلئے اہل علم کے پاس جایا جاتا ہے لیکن اہل علم سے کبھی کبھی حقیقت چھپ جایا کرتی ہے اور اہل ذکر ہر لمحہ محو یاد اور حقیقت میں ہوتے ہیں اور ان کے علم میں ذرا برابر بھی شک کی گنجائش نہیں ہوتی اسی لئے فرمایا کہ اہل ذکر کے پاس جایا کرو ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ بے شک ہم نے اس ذکر یعنی قرآن کو نازل کیا اور اس کی حفاظت بھی خود کر نے والے ہیں یہ قرآن تو پوری کائنات کے لئے ذکر ہے اور اول سے لیکر آ خر تک ذکر ہے اہل ذکر کے بارے میں حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ قرآن (ذکر) علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ ہے اور علی قرآن کے ساتھ ہے اور حوض کوثر پر علی رضی اللہ عنہ اور قرآن دونوں اکھٹے میرے پاس آئیں گے اور فرمایا کہ محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور علی رضی اللہ عنہ کو ایک ہی جگہ سے پیدا کیا گیا ہے۔

اھل اللہ اور اہل ذکر حقیقت میں علی رضی اللہ عنہ کے محتاج ہیں علی شیر خدا رضی اللہ عنہ کی مہر کے بغیر نہ کوئی اھل اللہ اور نہ ہی کوئی اہل ذکر ہو سکتا ہے مولا علی رضی اللہ عنہ سے محبت ایمان کی نشانی ہے۔ آخر میں صدر تحریک منہاج القرآن رانا محمد وقار خان نے تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا درود و سلام و دعا کے بعد مہمانوں میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ۔مرزا محمد امجد جان (ناظم نشرو اشاعت)

تبصرہ

Top