یونان : MQI کے زیر اہتمام ماہانہ گیارہویں شریف
مورخہ 14 ستمبر بروز ہفتہ عصر تا مغرب مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان (ریندی) میں ایک عظیم الشان ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اس کے علاوہ مرکزی باڈی تحریک منہاج القرآن کی طرف سے خرم ارسلان چیمہ(ناظم مالیات)، عمران حیدر(نائب ناظم)، شامیر امجد(ناظم یوتھ لیگ)، چوہدری محمداسلم(ناظم رابطہ)، حاجی محمد الیاس(ناظم ویلفیئر)، محمد آصف قادری(ناظم ممبر شپ) اور مرزا محمدامجدجان(ناظم نشرواشاعت ) نے بھی خصوصی شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا جس کی سعادت علامہ خالد محمود قادری(خطیب مرکز ریندی) نے حاصل کی نقابت کے فرائض غلام سرور قادری نے ادا کئے۔ حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت فیاض گوہر، ناصر اکبراور سجاد حسین قادری(صدر منہاج نعت کونسل)نے پیش کیا اور اپنے خصوصی انداز سے محفل میں موجود حاضرین کے دل موہ لئے۔
ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، ادب صحابہ کرام اور ادب اولیاء رحمتہ اللہ علیہ کے موضوع پر علامہ خالد محمود قادری نے کہاکہ صحابہ کا مرتبہ ایسا اعلیٰ ہے کہ ساری کائنات کے اولیائے کرام، قطب اور ابدال بھی مل کر ایک صحابی کے مرتبے کو نہیں پہنچ سکتے اور سرکار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب اور مرتبے کا عالم کیا ہوگا جس نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ کی مثل آج تک کوئی نہ ہو سکا اور نہ کوئی ہو سکے گا۔اس نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مثل کوئی کیسے ہو سکتا ہے ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک ایسی دولت ہے جس کو یہ دولت مل گئی اس کو دنیا کی ہر چیز مل گئی اور جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گستاخی کر بیٹھا اس کا ٹھکانہ جہنم ہے۔جتنا کوئی ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بلندمقام پر فائز ہوتا گیا اتنا ہی وہ ولائیت کے درجوں پر فائز ہوتا گیا اللہ تبارک و تعالیٰ کے جتنے ولی گزرے ہیں وہ سب کے سب ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں فنا تھے۔آخر میں درود و سلام اور دعا کے بعد حاضرین میں عامر علی قادری(قائم مقام صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان) کی طرف سے حاضرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
رپورٹ۔مرزا محمد امجد جان(ناظم نشرواشاعت)
تبصرہ