یونان: منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے پلیٹ فارم سے عظیم الشان اٹھارہویں میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی طرف سے ہر سال کی طرح امسال بھی عظیم الشان اٹھارہویں سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا ( 26جنوری بروز اتوار دن 2 بجے کارپوریشن ہال نیکیا تھیون 245نزد ویلج پارک ) اہتمام کیا گیا، جس میں یونان بھر سے ہر مکتبہ فکر سے عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سینکڑوں کی تعداد میں بھرپور شرکت کی۔

منہاج القرآن کے تمام ذیلی مراکز (انوفیتا، تھیوا، کیپسیلی، کوروپی، برخامی، الفسینا، ماراتھونا، نیا ماکری، سیما تاری) سے بھی عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قافلوں کی صورت میں اس سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں حاضری لگوائی اس کے علاوہ منہاج ویمن لیگ یونان کی طرف سے بھی خواتین نے بھرپور شرکت کی، بلا تفریق ملک بھر سے مذہبی، سماجی، سیاسی اور صحافی برادری نے اپنے اپنے پلیٹ فارم سے خصوصی نمائندگی کی۔ مہمان خصوصی کے لئے سفیر پاکستان یونان ڈاکٹر سعید خان مہمندنے سیکرٹری سفارتخانہ پاکستان شفقت اللہ خان اور اپنی پوری ٹیم کے ساتھ شرکت کی۔ صدر نارتھ اٹلی حاجی ارشد جاوید نے بھی اس چار روزہ دورہ میں منہاج القرآن یونان کے مختلف ذیلی مراکز میں انعقاد پذیر جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے پروگرامز میں خصوصی شرکت کی۔

میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفی (خطیب جامع مسجد پیترالونا) نے حاصل کی، نقابت کے فرائض خالد محمود قادری (خطیب مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان) نے بخوبی ادا کئے اس کے بعد یونان بھر سے آئے ہوئے نامور ثناخوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آقائے دو جہاں کی بارگاہ میں اپنی اپنی حاضری لگوائی جن میں محمد شکیل قادری، ندیم عباس، ناصر اکبر قادری، محمد شہزاد آف مینیدی، مظہر اقبال، ننھے ثناخواں وہاب علی، راجہ حسیب محمود، یاسر عمران، محمد افضال ماراتھونا، اپنی دف کے ساتھ استاد باقر علی چغتائی اور آخر میں بلبل منہاج اور صدر منہاج نعت کونسل یونان سجاد حسین قادری نے اپنی پیاری آواز سے کچھ اس انداز سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا کہ پورا ہال نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نعرہ حیدری یا علی سے گونج اٹھا۔

خصوصی خطاب کے لئے فرانس سے تشریف لائے ہوئے شاگرد رشید حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علامہ حافظ محمد اقبال اعظم الازہری (صدر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن یورپ)نے کہا کہ قرآن مجید کی سورتیں مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت کا پتہ بھی دیتی ہیں اور سیرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بھی، آقائے دو جہاں کی آمد اصل میں اخلاق کی عمارت کو پایا تکمیل تک پہچانا تھا، صورت سے محبت کے ساتھ ساتھ ہمیں سیرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بھی عمل پیرا ہونا چاہیے ذات کے ساتھ محبت کریں اور تعلیمات کے اوپر عمل کریں۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس بات پر زور دیا کہ اے لوگو اپنے اخلاق درست کرو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی پوری زندگی میں وہ اخلاق، پیارومحبت اور اعمال دیئے کہ کافر بھی کلمہ پڑھنے پر مجبور ہو گئے، پتہ یہ چلا کہ لوگو اسلام تلوار کے زور سے نہیں بلکہ محمد عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کے زور سے پھیلا ہے اور جو لوگ صورت اور سیرت کو اپنا لیتے ہیں تو محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسے اٹھا کر کعبہ کی چھت پر چڑھا دیتے ہیں اور اگر یتیم ہو تو زمین سے اٹھا کر اپنے کندھوں پر بیٹھا لیتے ہیں یہ آنے والے لوگوں کے لئے ایک پیغام تھا کہ لوگو تمھارے نزدیک کسی بڑے، جاگیردار اور وڈیرے کی عزت تو ہو گی لیکن صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نزدیک جو لوگ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی میں آجاتے ہیں صورت اور سیرت کو اپنا لیتے ہیں انھیں دیدار محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نصیب ہوتا ہے اور دنیا و آخرت میں بھی کامیابی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد لوگوں کا حق دینے کے لئے بھی تھی عورتوں کو ان کا حق دیا اور جس معاشرے میں بیٹی کو عار سمجھا جاتا تھا آپ نے فرمایا کہ بیٹی زحمت نہیں بلکہ خدا کی رحمت ہے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم جس ماحول اور جس معاشرے، جس ملک اور جس محلے میں رہ رہے ہیں اپنے کردار اور اخلاق کے ساتھ اس طرح زندگی گزاریں کہ یہ لوگ آپکے کردار اور اخلاق کو دیکھ کر یہ کہنے پر مجبور ہو جائیں کہ جس محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ماننے والوں کا یہ کردار اور اخلاق ہے اس محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خود کیا عالم ہو گا اور وہ لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مجبور ہو جائیں اگر آپ کے پاس کردار اور اخلاق کا ساماں نہیں تو سمجھ لیں کہ ہم نے سیرت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے ملک پاکستان میں ہو شخص پریشانی کے عالم میں ہے غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے اور امیر امیر تر ہوتا جا رہا ہے لہٰذا وہاں مکمل نفاذ اسلام کی ضرورت ہے۔ آئیں اور آج حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت سے محبت، سیرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل اور غلامی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عہد کریں تاکہ ہمیں دنیا و آخرت میں کامیابی نصیب ہو۔

آخر میں سفیر پاکستان (ایتھنز) ڈاکٹر سعید خان مہمند نے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے آپس میں پیار و محبت سے رہنے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی تنظیم کا شکریہ ادا کیا اور اتنے منظم پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان غلام مرتضی قادری نے تمام آنے والے مہمانوں، ذیلی تنظیمات، منہاج وویمن لیگ، منہاج نعت کونسل، منہاج میلادکونسل، انتظامیہ، مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ اس اٹھارہویں سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں عمرے کے چار ٹکٹ اور خواتین کے لئے ڈھیروں انعامات بذریہ قرعی اندازی نکالے گئے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ ایک ہی گھر سے میاں بیوی طارق محمود و مسز طارق محمود (حافظ آباد) پیریا کا اکٹھا عمرے کا ٹکٹ نکلا اور دوسرے دو ٹکٹ مسز راجہ محمود پیریا اور محمد سفیان ماراتھونا کے نکلے عمرے کے چار ٹکٹ اور خواتین کے لئے انعامات ہمیشہ کی طرح ایشین فوڈز، تازہ موبائیل، امتیاز اینڈ برادرز، کنگ گروپ، ٹاپ ٹریول، گلوبل ٹریول اور دوبئی شاپنگ سنٹر نے خصوصی تعاون کیا آخر میں درود وسلام کے بعد مہمانوں میں لنگر کا خصوصی انتظام منہاج میلاد کونسل کی طرف سے کیا گیا۔

رپورٹ: مرزا امجد جان

تبصرہ

Top