یونان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام یوم کشمیر کانفرنس

مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل (ریندی) یونان میں سفارتخانہ پاکستان اور تحریک منہاج القرآن کے باہمی تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر بڑے جوش و خروش سے منایا گیا جس میں یونان بھر سے بلا تفریق تمام مذہبی، سیاسی، سماجی، صحافی برادری، کشمیری بھائیوں اور عوام الناس نے بھرپور شرکت کی۔ سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے سفیر پاکستان ڈاکٹر سعید خان مہمند (بطور مہمان خصوصی) اور سیکرٹری شفقت اللہ خان سمیت پورے عملے نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن یونان کے تمام ذیلی مراکز، فورمز اور مرکزی باڈی کے تمام عہدے داران نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ سفارش علی (خطیب مرکز منہاج القرآن کیپسیلی) نے حاصل کی، محمد ندیم نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ نقابت کے فرائض چوہدری مدثر خادم سوہل (ناظم MPICیونان) نے بڑے احسن انداز سے ادا کئے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یونان بھر سے مختلف جماعتوں کے قائدین نے اپنے اپنے انداز سے اس مسئلے کا حل اور تجاویز پیش کیں۔ جن میں سید محمد جمیل شاہ(صدر پاک ہیلینک کلچرل اینڈ ویلفئیر سوسائٹی)، محمد آصف کیانی(صدر پاکستان تحریک انصاف)، متوسط علی شاہ(صدر اسلامک فورم)، چوہدری محمد شبیر دھامہ(صدر پاکستان پیپلز پارٹی)، غلام مرتضیٰ قادری(منہاج القرآن)، سکندر ریاض چوہان، احسان اللہ خان، حاجی بشیر شاد(صحافی)، مرزا محمد بشیر عاصی(شاعر۔ منہاج القرآن) اور امتیاز عالم جعفری(صدر مہریہ نصیریہ ٹرسٹ)شامل تھے۔

سیکرٹری سفارتخانہ پاکستان شفقت اللہ خان نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کشمیر ڈے کے حوالہ سے پیغام پڑھ کر سنایا اس کے بعد سفیر پاکستان ڈاکٹر سعید خان مہمند نے پاکستان کے وزیر اعظم کی طرف یوم کشمیر پر پیغام پڑھا اور موجودہ گورنمنٹ کی مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی کو سراہا۔تمام مقرین کی تجاویز کو نوٹ کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ آنے والے دور میں کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا اور ہماری ساری کوششیں اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور نہ ہی جا رہی ہیں ان کی پراگریس ہمیں وقت کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل لیول پر مل رہی ہے اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کو اتنا اچھا اور منظم پروگرام انعقاد کرنے پر مبارک باد دی۔ آخر میں منہاج القرآن یونان کی طرف سے تمام آنے والے معزز مہمانوں کا اور خاص کر سفارتخانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا،جنہوں نے اپنی گونا گوں مصروفیات سے وقت نکال کر تمام عملے سمیت شرکت کی اور مہمانوں میں سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے کھانا تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: مرزا امجد جان

تبصرہ

Top