یونان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محفل گیارہویں شریف

مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان (ریندی) میں 15 فروری 2014 بعد از نماز مغرب ایک عظیم الشان گیارہویں شریف کی محفل اور حضور پیر سیدنا طاہر علاوالدین القادری البغدادی کے عرس مبارک کا اہتمام کیا گیا جس میں عقیدت مندوں اور گرد ونواح سے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔اس کے علاوہ صدر منہاج القرآن یونان رانا محمد وقار خان، ناظم غلام مرتضیٰ قادری، نائب صدر عامر علی قادری، ناظم مالیات خرم ارسلان چیمہ، نشرواشاعت مرزا محمد امجد جان، ناظم رابطہ محمد اسلم چوہدری، ناظم ویلفیئر حاجی محمد الیاس، ناظم لائبریری حاجی جاوید اقبال، صدر یوتھ لیگ عادل شہزاد، ناظم یوتھ لیگ شامیر امجد اور صدر مجلس شورٰی میر محمد عارف نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفی(خطیب جامع مسجد پیترالونا) نے حاصل کی، نقابت کے فرائض محمد آصف قادری (چک بساوا) نے بخوبی سرانجام دیئے، منقبت اور حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے کے لئے محمد ادریس قادری، محمد ندیم قادری، مظہر اقبال اور صدر منہاج نعت کونسل سجاد حسین قادری نے بڑے پیارے انداز سے اپنی اپنی حاضری لگوائی۔ اپنے خصوصی خطاب میں خالد محمود قادری (خطیب مسجد ہذا)نے کہا کہ کلام پاک میں اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے میرے بندے تو ان لوگوں کی سنگت میں رہا کر جو دن رات میری جستجو میں رہتے ہیں مجھے یاد کرتے ہیں اور میری عبادت کرتے ہیں اگر تو ان کی سنگت میں آ جائے گا تو تمھیں بھی دنیا و آخرت میں کامیابی ہو گی اور تیرا سینہ بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے بھر دیں گے۔

گیارہویں شریف کی محفل سجانا میرے آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت ہے۔ حدیث پاک ہے کہ ایک غزوہ میں کھانے کا سامان کم پڑ گیا تو فرمایا کہ جس کے پاس جو کچھ بھی ہے لے آئے صحابہ نے سارا سامان لا کر پیش کر دیا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سامان آگے رکھ کر برکت کے لئے دعا فرمائی اور فرمایا کہ اب ان سب چیزوں کو اپنے اپنے برتنوں میں واپس رکھ دو۔حضرت ابو صالح نے بیان کیا کہ ایک رات خواب میں رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے صحابہ کے ساتھ تشریف لائے اور فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تمھیں ایک بیٹا عطا فرمائے گا جو صالح ہو گا اور میری اور اللہ پاک کی بڑائی بیان کرے گا۔ آخر میں درود و سلام کے بعد عامر علی قادری (نائب صدر منہاج القرآن) اینڈ برادرز کی طرف سے کھانے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ۔ مرزا محمد امجد جان(ناظم نشرواشاعت)

تبصرہ

Top