یونان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی محافل میلاد النبی (ص)

ایتھنز: منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام عظیم الشان محافل میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کیا گیا۔ محافل میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے علامہ انوارالمصطفیٰ ہمدمی نے خصوصی خطابات کیے۔

اینوفیتا، تھیوا، نیاماکری، کاتوسولی، ماراتھونا، برہامی، کروپی، سیماتاری کے منہاج اسلامک سنٹرز پر محافل میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئیں، جبکہ مرکزی محفل 3 جنوری 2016 کو ایتھنز کے نیکیاکے دیموس ہال میں ’سالانہ میلاد و امن کانفرنس‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس میں یونان بھر مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی اور صحافی برادری کی شخصیات اور خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ خواتین کے لئے پردے کا انتظام کیا گیا تھا۔

علامہ انوار المصطفیٰ ہمدمی نے منہا ج القرآن یونان کی مرکزی و ذیلی تنظیمات کو خوبصورت پروگرامز کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ان کی تحریکی خدمات کو سراہا۔ مرکزی محفل میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے علامہ انوار المصطفی ہمدمی نے امن و آشتی کا پیغام دیا اور کہا کہ مسلمان کبھی دہشتگرد نہیں ہوسکتا، یہ پیغام چودہ سو سال پہلے تاجدار کائنات صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا کو سکھایا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کے اسی پیغامِ امن کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچا رہے ہیں۔ شیخ الاسلام نے دہشت گردی کے خلاف مبسوط تاریخی فتویٰ جاری کر کے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم دہشت گردی کے ناسور کی پرزور مذمت کریں اور امن، محبت، اخوت اور آشتی کے پیغام کو عام کریں۔

مرکزی محفل کے اختتام پر بذریعہ قرعہ اندازی 3 خوش نصیب شرکاء کو عمرے کے ٹکٹ دیئے گئے۔ منہاج القرآن یونان کے صدر رانا محمد وقار خان نے منہاج القرآن یونان کے تمام فورمز کے کارکنان، وابستگان اور عہدیداران کی طرف سے علامہ انوار المصطفیٰ ہمدمی کے دورہ یونان اور ربیع الاوّل کے پروگرامز میں شرکت پر، ان کا شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ: قاری مدثر مصطفی

تبصرہ

Top