منہاج القرآن انٹرنیشنل (ہانگ کانگ) کے زیراہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 10 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام مورخہ 10 جون 2012ء کو TAI WAI کمیونٹی سنٹر ہانگ کانگ میں عظیم الشان محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ جس میں گرد و نواح سے مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مدرسہ ختم نبوت کے امام حافظ محمد حنیف نے حاصل کی۔ منور عظیم قادری، قاری قدرت اللہ سلطانی اور قاری صابر حسین صابر ی نے نہایت خوبصورت اندازمیں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتاب فلسفہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سے سورۃ النجم کی روشنی میں معجزہ معراج کا ذکر کرتے ہوئے النجم اور ھویٰ کے مختلف معانی بیان کئے۔ انہوں نے انتہائی مدلل انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شب معراج حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ رب العزت کی بڑی نشانیاں دیکھیں اور خود رب کائنات کا دیدار کیا۔

علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب کو اپنے پاس قاب قوسین او ادنیٰ کی منزل پر بٹھا کر نماز کا تحفہ دیا۔ ہمیں چاہیئے کہ اس تحفہ کو سنبھال کر رکھیں تاکہ لذت معراج سے شناسا ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تذکرہ معراج کے ذریعے امت کے دلوں میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور عظمت کو اجاگر کرنا تحریک منہاج القرآن کا مقصد ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اسی مقصد کے حصول میں مصروف عمل ہیں۔ محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں علمائے کرام کے علاوہ حاجی گلزار حسین، محمد اعجاز، حاجی محمد سرور اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی نقابت محمد تنویر حسین شاہ نے کی۔ محفل کے اختتام پر درود و سلام پڑھا گیا اور علامہ محمد رمضان سیالوی نے اہل پاکستان کے لئے بالعموم اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے لئے بالخصوص دعا کی۔

رپورٹ: حفیظ محمد

تبصرہ

Top