منہاج القرآن اسلامک سنٹر (کھوائی چنگ،ہانگ کانگ) میں شب برات کا اجتماع

منہاج القرآن انٹرنیشنل (ہانگ کانگ) کے زیر اہتمام مورخہ 04 جولائی 2012ء کو منہاج اسلامک سنٹر (کھوائی چنگ، ہانگ کانگ) میں سالانہ عظیم الشان اجتماع بسلسلہ شب برات منعقد ہوا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عمران نے حاصل کی، مطیع الرحمن، عبدالمجید اور شاہد محمود نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے شرکاء اجتماع سے متاع دنیا اور اخروی نعمتوں کے حوالہ سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا میں انسان کو جوبھی ملا یا ملے گا وہ قلیل ہے۔ اس دنیا میں اللہ نے ہرایک کو قلیل دیا مگر اپنے محبوب کو الکوثر عطا کیاجو دنیا وآخرت کی نعمتوں کا جامع ہے۔  دنیا کی ہر نعمت اللہ کی ہے اور اسے تقسیم اللہ کے محبوب فرماتے ہیں اس لئے محبوب خدا سے اپنا تعلق مضبوط بنا لیں۔

انہوںنے مزید کہا کہ دنیا اور دنیا کی ہر شے عارضی اور نا پائیدار ہے جبکہ آخرت کی نعمتیں دائمی ہیں لہذا ہمیں چاہیئے ان نہ ختم ہونے والی نعمتوں کے حصول کے لئے جد وجہد کریں۔ اس کے بعد صلوۃ التسبیح ادا کی گئی جس کی امامت حافظ تنویر شاہ نے کرائی۔ اجتماعی سحری کے بعد اجتماع کا اختتام ہوا اور دعا کے بعد لوگ گھروں کو روانہ ہوئے۔

رپورٹ: حفیظ محمد

تبصرہ

Top