منہاج القرآن اسلامک سنٹر (کھوائی چنگ، ہانگ کانگ) میں یوم عثمان غنی (رض) کے سلسلہ میں تقریب

منہاج القرآن اسلامک سنٹر(کھوائی چنگ، ہانگ کانگ) کے زیر انتظام مورخہ 03 نومبر 2012ء بروزہفتہ بعد نماز عشاء ماہانہ گیارہویں شریف اور یوم شہادت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے حوالہ سے ایک خوبصورت تقریب منعقد ہوئی جس میں تحریک کے رفقاء، اراکین، علماء کرام کے علاوہ مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،عبدالمجید، معروف حسین، چاند خان، حافظ تنویر حسین شاہ، اور قاری صابر حسین صابری نے خوبصورت اندازمیں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ شان اولیاء کے حوالہ سے حافظ احمد جمال ناصر نے پر مغز خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ ہم جسمانی ضرویات کی تکمیل میں ہی زندگی گذار دیتے ہیں جبکہ ولایت روحانی ضروریات کی تکمیل کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ ولایت کسی کی وراثت نہیں ہوتی جو محنت کرتا ہے، شریعت کی پابندی، علم نافع کاحصول اور تقویٰ وطہارت یہ ایسی چیزیں ہیں جو سفیر ولایت کے لئے لازم ہیں۔

منہاج القرآن ہانگ کانگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے سیدناعثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شان کے حوالہ سے مدلل خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ پہلے ایمان لانے والے متمول، حیاء کا پیکر، خدمت دین اور فروغ اسلام کے لئے اپنی بے پناہ دولت خرچ کرنے والے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی دو صاحبزادیوں کا نکاح یکے بعد دیگرے ان سے کیا۔حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے بیئر رومہ کو خریدااور مسلمانوں کے لئے وقف کیا، مسجد نبوی کی توسیع کے لئے زمین خریدی،آپ مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ تھے۔

رپورٹ: حفیظ اللہ

تبصرہ

Top