ہانگ کانگ: سالانہ محفل ذکر شہدائے کربلا

مورخہ: 22 اگست 2021ء

منہاج القرآن انٹڑنیشنل اسلامک سنٹر چھنگ یی ہانگ کانگ میں سالانہ محفل ذکر شہدائے کربلا کا انعقاد 22 اگست 2021ء کو بعد نماز ظہر کیا گیا۔

علامہ حافظ ظہیر احمد خان نقشبندی ڈائریکٹر منہاج القرآن ہانگ کانگ نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خصوصی خطاب میں سیدالشہدا امام حسین علیہ سلام کی سیرت کے پہلو بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ جب جبرائیل امین نے تاجدار کائنات نبی مکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو امام حسین علیہ سلام کی شہادت کی خبر دی تو آقا کریم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے اپنے نواسے کو بچانے کی دعا نہیں فرمائی بلکہ اس عظیم مقصد کے لئیے تیار کیا۔

نبی پاک صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے امام حسین علیہ سلام کو نہ صرف کندھوں پر بٹھایا، سینہ اقدس سے لٹایا، اپنی زبان اقدس سے اپنی جان قرار دیا بلکہ دس محرم کے دن کی اس عظیم قربانی کے لئے تیار کیا، جس میں حق کی سربلندی، دین کے غلبہ اور باطل سے ٹکرانے کے لئیے عزم و استقلال کا وہ مظاہرہ پیش کیا جو تاقیامت امر ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کے پورے خانوادے کی شہادت ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنی زندگیاں دین اسلام کی خدمت کے تابع کریں۔ دنیا کی کوئی طاقت، دنیا کا کوئی منصب اور دنیا کا کوئی لالچ ہمیں دین اسلام کی تعلیمات سے دور نہ کر سکے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تحریک منہاج القرآن جہاں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو قریہ قریہ خراج عقیدت کی محافل سجاتی ہے وہیں مسلم امہ کو اس سیرت امام حسین علیہ سلام کو اپنانے کی دعوت بھی دیتی ہے جو اسلام کا خاصہ ہے۔

اس سے پہلے محفل کا باقاعدہ آغاز ہوا، تلاوت قرآن پاک کی سعادت علامہ قاری محمد عثمان الترازی نے حاصل کی ۔ نعت شریف عبدالمجید نے پیش کی جبکہ منقبت بحضور شہدائے کربلا پیش کرنے کی سعادت سید تنویر حسین شاہ اور علامہ قاری قدرت اللہ سلطانی نے حاصل کی۔

رپورٹ :محمد طاہر

تبصرہ

Top