دہلی بک فیئر انڈیا

دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی اور ستنام انٹرپرائزز دہلی کی خصوصی دعوت پر ڈائیریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا یکم ستمبر 2009ء کو آٹھ روزہ دورہ پر دہلی بک فیئر میں شرکت کے لئے انڈیا گئے۔

دہلی پہنچنے پر دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے سیکریٹری سردار چنچل سنگھ اور سردار جسونت سنگھ، سردار اشپریت سنگھ ڈائریکٹر ستنام انٹر پرائزز دہلی اور پی این کالا نے استقبال کیا اور گوردوارہ رکاب گنج بالمقابل پارلیمنٹ ہاؤس VIP گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا۔

دہلی بک فیئر کے وزٹ کے دوران شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تصانیف مختلف انڈین پبلشرز کے سٹال پر موجود تھیں جن میں خاص طور پر فرید بک ڈپو اینڈ انٹر پرائزز، جیلانی بک ڈپو، ادبی دنیا پبلشرز، جسیم بک ڈپو اور دکن ٹریڈرز نمایاں تھے۔ مذکورہ پبلشرز سے ملاقات کرنے کے لئے محترم سید حیات اﷲ شاہ، صدر تحریک منہاج القرآن حیدر آباد دکن بھی دہلی تشریف لائے تھے۔ دہلی کے مذکورہ پبلشرز سے شیخ الاسلام کی تصانیف کی پبلشنگ کے معیار اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال ہوا اور ایک سروے رپورٹ تیار کی گئی جس کی روشنی میں مرکزی پالیسی مرتب کی جائے گی۔

سہیل احمد رضا اور سید حیات اﷲ قادری نے درگاہ حضرت خواجہ سید نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ، حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت قاضی حمید الدین ناگوری رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت امیر خسرو رحمۃ اللہ علیہ کے مزارات پر خصوصی طور پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کے لئے اﷲ تعالیٰ سے دعا کی۔

ڈائیریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے قائداعظم محمد علی جناح اور تقسیم ہند کے حوالہ سے شائع ہونے والی کتاب کے مصنف، سابق وزیر خارجہ اور BJP کے مرکزی رہنما جسونت سنگھ سے بھی ملاقات کی۔ جسونت سنگھ نے سہیل احمد رضا کو اپنی کتاب "India-Partition Independence" کا تحفہ اپنے آٹو گراف کے ساتھ دیا اور کہا کہ میں نے اس کتاب میں حقیقت اور سچ لکھا ہے، مجھے دنیا کی کوئی طاقت اس حقیقت اور سچ کو بیان کرنے اور تحریر کرنے سے نہیں روک سکتی۔

سہیل احمد رضا نے کہا کہ قائد اعظم مسلم لیگ میں شامل ہونے سے قبل متحدہ ہندوستان کے حامی تھے لیکن کانگریس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے وہ مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور دو قومی نظریہ کی بنیاد پر ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے عملی کوشش کی۔ آپ کی کتاب سے تحریک پاکستان اور دوقومی نظریہ کی نفی ہوتی ہے۔ پاکستان میں اس کی شدید مخالفت ہو گی۔

سہیل احمد رضا نے جسونت سنگھ کو پاکستان وزٹ کرنے پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکریٹریٹ کے وزٹ کی بھی دعوت دی۔ انڈین نیشنل کمیشن فار ریلیجیس ہارمنی کے سنٹرل سیکریٹریٹ اشوک پیلس نیو دہلی کے وزٹ کے موقع پر سہیل احمد رضا نے کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم ڈی تھامس سے ملاقات کی اور بین المذاہب تعلقات کے حوالہ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمی سطح پر سرگرمیوں اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائیریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کی دیگر مذاہب کے ساتھ باہمی رواداری، اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے عملی طور پر کاوشوں کو ویب سائیٹس کی مدد سے واضح کیا۔

ڈاکٹر ایم ڈی تھامس، نیشنل ڈائریکٹر کمیشن فار ریلیجیس ہارمنی (National Director Commission for Religious Harmony) آف انڈیا نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ویب سائیٹس بالخصوص MCDF اور ڈائیریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کی سرگرمیوں پر مبنی رپورٹس دیکھ کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور شیخ الاسلام کو عالمی سطح پر قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے جدوجہد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نیشنل کمیشن فار ریلیجیس ہارمنی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ڈائیریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ ہم آپس میں روابط کو بڑھائیں گے اور اس عظیم مشن کے لئے مل کر کام کریں گے۔

علاوہ ازیں دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی نے گوردوارہ رکاب گنج، گوردوارہ بنگلہ صاحب، گوردوارہ سیس گنج کا وزٹ کیا اور چیئرمین سردار کلدیپ سنگھ، صدر سردار پرم جیت سنگھ اور سیکریٹری سردار چنچل سنگھ سے خصوصی ملاقات میں سکھ مذہب اور اسلام کے درمیان ہم آہنگی پر تبادلہ خیال ہوا اور آئندہ اس موضوع پر پروگرام بھی کرایا جائے گا۔ دہلی میں ہندو دھرم کے صدر ڈاکٹر مراری لال اور اشوک بھنڈر سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ امرتسر میں سائیں میاں میر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے چیف آرگنائزر سردار ہربھجن سنگھ براڑ اور سردار جسویت سنگھ مڈا سے حضرت میاں میر رحمۃ اللہ علیہ اور بابا گرونانک کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے کا عزم کیا۔

تبصرہ

Top