منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر چودھری بابر علی کا دورہ اسلام آباد

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر چودھری بابر علی نے اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اسلام آباد میں منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ یوتھ لیگ کے ضلعی آفس میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت مرکزی صدر چودھری بابر علی نے کی۔ میٹنگ میں ملک تنویر، میاں کاشف محمود، عارف ہاشمی، احمد ذوالقرنین و دیگر احباب نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد کے رہنماء احمد ذوالقرنین نے سابقہ کارکردگی پیش کی۔ اجلاس میں رفاقت سازی مہم، تنظیم سازی و دیگر امور زیر بحث لائے گئے۔

چودھری بابر علی نے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کے عظیم مشن مصطفوی انقلاب کے حصول کے لئے قائد تحریک کی فکر اور نظریے کو عوام الناس میں بھرپور انداز میں متعار ف کروانا بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ ہمیں دعوت کے فروغ کے لئے شب وروز کاوشیں کرنا ہونگی۔ دعوت کے فروغ کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور خطابات کو نوجوان نسل تک پہنچانا ہوگا۔ تاکہ نوجوان نسل تک اسلام کی صحیح تعلیمات پہنچ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک کی بانی قیادت شیخ الاسلام کی حکمت و بصیرت قرآن وسنت کا حاصل ہے جبکہ ان کے علمی و تحقیقی ذوق اور دعوتی و تربیتی مزاج پر حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبتوں اور گہری عقیدتوں کا پہرا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس تحریک کے بے لوث کارکن و قائدین قرآنی منہاج کے انتھک مسافر ہیں۔ اسوہ حسنہ کی ضیا پاشیاں ان کے راستے کی مشکلات دور کرنے کے لئے کافی ہیں۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔

رپورٹ :چودھری عتیق الرحمن

تبصرہ

Top