اسلام آباد: ایم ایس ایم کا اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں امید پاکستان طلبہ کنونشن

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 19سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں امید پاکستان طلبہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف نے کی۔ جبکہ جنرل سیکرٹری ایم ایس ایم کشمیر عثمان ڈار، رہنما پاکستان عوامی تحریک عمر ریاض عباسی، صدر ایم ایس ایم اسلامک یونیورسٹی مرزا عدنان بیگ اور دیگر طلبہ راہنما شریک تھے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ایم ایس ایم نے کہا کہ ایم ایس ایم علم اور امن کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے۔ ہمارا مقصد معاشرے سے جہالت اور بے راہ روی کا خاتمہ ہے۔ ہم اول روز سے ہی ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور اس نظام کے بدلنے تک ہمارا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے حقوق سے محروم ہیں اور نوجوان نسل کا مستقبل تاریک ہے، ایسے میں طاہر القادری ہی امید کی آخری کرن ہیں۔ وہ پاکستان میں ریاست مدینہ کے نظام کا نفاذ چاہتے ہیں جس میں حکمران عوام کو جواب دہ ہوتے ہیں اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں۔

ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن پاکستان عوامی تحریک عمر ریاض عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر لبیک کہنا ہوگا، ملک کو یہ نظام دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، ایسے مشکل دور میں طلبہ کو وہی کردار دہرانا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ادا کیا تھا۔ چند خاندانوں کا راج ختم کرکے عوام کو ان کے حقوق کی جدوجہد میں آپ ایم ایس ایم کے دست و بازو بنیں۔

تقریب سے صدر ایم ایس ایم اسلامک یونیورسٹی نے بھی خطاب کیا اور یونیورسٹی میں نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ آخر میں کیک کاٹا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top