قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں مسلح افواج اور شہید سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ نصرت امین

ظالم درندوں کے خلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہو گا۔ نائلہ جعفر
وقت آ گیا ہے کہ اب دہشت گردی کے اس طویل سلسلے کے حل کیلئے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ قتل و غارت گری، دہشت گردی، بد امنی اورٹارگٹ کلنگ کی بھر پور مذمت کرتی ہے

دہشت گردی کی سفاک کارروائیوں میں شہید ہونے والے فوجی افسروں اور جوانوں، معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت کیلئے پاکستان عوامی تحریک (ویمن ونگ) کے زیراہتمام منہاج مدینہ ہال کراچی کمپنی اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں سینکڑوں خواتین نے موم بتیاں جلا کر شہداء کے ساتھ عقیدت و محبت اور دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا۔ امن کیلئے شہید ہونے والے فوجیوں، سوسائٹی کے بے گناہ افراد سے محبت کا اظہار پھولوں کے گلدستے رکھ کر کیا گیا۔ خواتین کے ساتھ بچے بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

پاکستان عوامی تحریک (ویمن ونگ) اسلام آباد سٹی کی صدر نصرت امین نے کہا کہ سفاک دہشت گردوں نے پھول جیسے معصوم بچوں کو شہید کر کے پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ ان کے سینوں میں دل نہیں پتھر ہیں اس لئیے ایسے ظالم درندوں کے خلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہو گا۔ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور ان کی قربانی کو اپنے لئے فخر کا تاج بناتی ہیں۔ پوری قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں مسلح افواج اور شہید سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ دہشت گرد کسی رعائت کے مستحق نہیں ان کا خاتمہ پر امن معاشرے کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ عوام افواج پاکستان پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں۔ دہشت گرد ملک اور عوام کے بد ترین دشمن ہیں۔ معصوم شہریوں، بچوں، بوڑھوں، خواتین، صحافی بھائیوں، پولیس اور فوجی جوانوں کا خون بہا کر عبادت گاہوں میں نمازیوں کو شہید کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ دہشت گرد وطن عزیز کو ایسا نقصان پہنچا چکے ہیں جس کی تلافی کیلئے عشرے درکار ہونگے۔ اگر ریاست کے باغی آئین، قانون اور حکومتی رٹ کو تسلیم کر کے اپنے جائز مطالبات منوانے کیلئے ہتھیار ڈال کر مذاکرات پرآمادہ ہوں تو بہتر ورنہ برداشت کی ایک حد ہوتی ہے۔ قوم کب تک یہ زخم سہتی رہے گی اور بے گناہوں کو مرواتی رہے گی۔ اس موقع پر نائلہ جعفر، سلمہ کامران، طیبہ سلیم، سلمہ فاروق، جمیلہ بٹ، سعدیہ ظفر، نبیلہ پروین و دیگر بھی موجود تھیں۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی خواتین نے شمعیں روشن کر کے اور پھول چڑھا کر دہشت گردی میں شہید ہونیوالیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائلہ جعفر نے کہا کہ فوج پورے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، ہر وقت دشمن سے آنکھ ملاتی ہے، سیا چین جیسی برفیلی چوٹیوں کی خون جما دینے والی سردی اور تپتے ریگستانوں میں گرمی کی شدت برداشت کرتی ہے، فوج پر با ر بار دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والے بزدل ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ قتل و غارت گری، دہشت گردی، بد امنی اورٹارگٹ کلنگ کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ آج کی اس دعائیہ تقریب میں ہم پاک فوج کو تحسین آفرین اور تشکر کے جذبات پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور ہم وطنوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ دعائیہ تقریب میں امن کی شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء کی بلندی درجات کیلئے خصوصی بھی کی گئی۔

تبصرہ

Top