ہمارا احتجاج کرپٹ نظام کیخلاف ہے، مارشل لاء آیا تو اس کیخلاف بھی نکلیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری کا سماء ٹی وی پر ندیم ملک کو انٹرویو

مورخہ: 06 مئی 2014ء

اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کہتے ہیں 11 مئی کا احتجاج حکومت کے نہيں کرپٹ نظام کیخلاف ہے، مارشل لاء لگایا گیا تو اس کیخلاف بھی سيسہ پلائی ديوار بن کر کھڑے ہوں گے، موجودہ حکومت بھی پولیو زدہ ہے، انہیں بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا چاہئیں۔

سماء کے پروگرام نديم ملک لائيو ميں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکومتوں کے گرانے اور بنانے کے حق میں نہیں ہوں، عوام کے حقوق کو کچلنے والے نظام کو گرانا ہے، یہ نظام کرپشن کی پیداوار ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کا نظام 18 کروڑ عوام کی امانت ہے، حکمرانوں کو عوام نے منتخب نہیں کیا، ہمارا احتجاج چند حلقوں کیلئے نہیں پورے ملک کیلئے ہے، افتخار چوہدری پر بات کرنا وقت کا ضیاع سمجھتا ہوں۔

پی ٹی اے کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہمارے احتجاج پر مارشل لاء نہیں آئے گا، مارشل لاء آیا تو اس کیخلاف بھی لڑوں گا، حکمران ملک میں خاندانی بادشاہت چاہتے ہیں، نواز شریف نے 12 مہینوں میں 15 غیر ملکی دورے کئے، قرضے لے کر پورے ملک کو گروی رکھ دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے کارکنان کے قتل پر سراپا احتجاج ہے، جمہوری دور میں ان کے احتجاج پر کوئی توجہ نہیں دے رہا، پولیو کے قطرے پلانا نہ صرف جائز بلکہ واجب بھی ہے، اپنے بچوں کو معذوری سے بچانا ہوگا، موجودہ حکومت خود پولیو زدہ ہے، انہیں بھی قطرے پلانے چاہئیں۔ سماء

خبر ذرائع: http://urdu.samaa.tv/pakistan/06-May-2014/15447

تبصرہ

Top