اسلام آباد: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی خلاف احتجاجی مظاہرہ

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کے زیراہتمام 19 جولائی 2016ء کو کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان پر ہونے والے مظالم اور بربریت کی خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی، مظاہرے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی سخت مذمت کی گئی۔

احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کے صدر نعمان کریم نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ مقبوضہ کشمیر میں عوام پر ہونے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی باعث حیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے، جس پر عالمی برادری اور حکومت پاکستان خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اہل کشمیر کو عالمی سطح پر استصواب رائے کا تسلیم شدہ حق ملنا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر عالمی ضمیر اور عالمی اجتماعی شعور کیلئے ایک سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر 6 دہائیوں سے پر امن جدوجہد کے ذریعے استصواب رائے کا حق مانگ رہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر ایک تسلیم شدہ قانونی تحریک ہے، کروڑوں انسانوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں اور تمام حالات کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔

تبصرہ

Top