کنونشن سنٹر اسلام آباد کی میلاد کانفرنس میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے: خرم نواز گنڈاپور

تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے رہنماوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں 18 نومبر کو میلاد کانفرنس ہو گی۔ جس میں منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خطاب کریں گے۔

اس موقع پر ناظم اعلی منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ محسن انسانیت حضور ﷺ کے میلاد کے موقع پر مینار پاکستان پر عالم اسلام کے سب سے بڑے اجتماع عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات اور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں افرادشرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کانفرنس کے انعقاد سے حضور پاک ﷺ کی ذات اقدس سے تعلق حبی و عشقی کو مضبوطی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر ہونے والے اجتماعات میلاد میں بھی ہرجگہ ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول شرکت کریں گے۔

ابرار رضا ایڈووکیٹ نے خرم نواز گنڈاپور کو کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کنونشن سنٹر میں 18 نومبر کومیلاد کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں منہاج القرآن کے کارکنان کانفرنس میں شرکت کے لیے مذہبی، سیاسی، علمی و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم افراد کو دعوت دینے کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں۔ منہاج القرآن کے جملہ فورمز نے رابطہ مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

ابرار رضا ایڈووکیٹ نے بتایا کہ محسن انسانیت ﷺکی ولادت کی خوشی دنیا کی ہر خوشی سے بالاتر ہے۔ ربیع الاول کے مبارک مہینے کی خوشی کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں۔ تحریک منہاج القرآن محافل میلاد کا اہتمام کر کے دنیا کو امن، سلامتی، محبت برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیتی ہے۔ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سمیت تمام صوبائی دفاتر میں ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی روزانہ ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائیگا، گھروں، دکانوں، بازاروں اور شاہراہوں کو بھی سجایا جائے گا۔

تبصرہ

Top