منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام میری پہچان پاکستان سیمینار

مورخہ: 12 اگست 2009ء

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام میری پہچان پاکستان اور یوتھ ممبر شپ مہم جوش و خروش سے ملک گیر سطح پر جاری ہے۔ اس کا مقصد استحکام پاکستان کے لئے نوجوانوں کو تعمیر وطن اور اصلاح معاشرہ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے 12 اگست 2009 کوڈریم لینڈ ہوٹل اسلام آباد میں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر استحکام پاکستان میں نوجوانوں کے عملی کردار کے حوالے سے یوتھ سیمینار بعنوان "میری پہچان پاکستان" منعقد ہوا۔ MYL - کے جوانوں نے اسلام آباد کلب روڈ کو میری پہچان پاکستان کے پوسٹروں اور بینرز سے سجایا ہوا تھا۔ ہوٹل کی طرف آنیوالے تمام راستوں پر میری پہچان پاکستان والے بینرز اور قومی پرچم لگائے گے تھے۔ معزز مہمانوں کے استقبال کے لئے استقبالیہ پرمحترم ملک تنویر نائب صدر MYL، ٫محترم عارف ہاشمی سیکرٹری انفارمیشن MYL، محترم عتیق الرحمن چوہدری سیکرٹری کوآرڈنیشن MYL موجود تھے جو آنے والے معززمہمانوں کااستقبال کر رہے تھے۔ پروگرام میں نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں شریک ہر نوجوان نے میری پہچان پاکستان کے سٹکرز لگا رکھے تھے۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی ایک بڑی تعداد سیمینار کی کوریج کیلئے بروقت پہنچ چکے تھے۔ تلاوت و نعت کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

محترم بلال مصطفوی مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نے استقبالیہ پیش کیا اور آنے والے معزز مہمانان گرامی قدر اور سیمینار میں شریک نوجوانوں کو خوش آمدید کہا اور قومی یوتھ سیمینار کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ پروگرام میں پاکسان کے تمام علاقوں سے سیاسی جماعتوں کے مرکزی عہدیدران نے شرکت کی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محترم فیصل کریم کنڈی، ٫محترم سید ممتاز عالم گیلانی (وفاقی وزیر انسانی حقوق )، محترم قاضی حسین احمد (سابق امیر جماعت اسلامی)، محترم شیخ رشید احمد (سربراہ عوامی مسلم لیگ)، محترم جہانگیر بدر (سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی)، محترم شیخ زاہد فیاض (سنئیر نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن)، محترمہ فوزیہ وہاب ( سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی)، محترم جنرل (ر) اسلم بیگ (سربراہ عوامی قیادت پارٹی)، محترم ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ (سینٹر مرکزی رہنما متحدہ قومی موومنٹ)، محترم خواجہ محمد خاں ہوتی (ممبر قومی اسمبلی و مرکزی رہنما عوامی نیشل پارٹی)، نے خصوصی شرکت کی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کا استحکام پاکستان اور فروغ محبت و اخوت کے لئے نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے سیمینار میری پہچان پاکستان یوتھ لیگ کے نوجوانوں کے جذبہ حب الوطنی کا آیئنہ دار ہے آج کل کے حالات کے تناظر میں پاکستان کے تشخص اور پہچان کو نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر صحیح معنوں میں اجاگر کرنا وقت کاتقاضا ہے اس حوالے سے تمام مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وہ افراد اور قومیں اپنے وجود کے حوالے سے ایک سوالیہ نشان بن جاتی ہیں جو اپنے ملک کی پہچان عالمی سطح پر مثبت طور پر پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ ہمارا پیارا ملک ہے تو ہم ہیں اور ہماری پہچان ہے۔ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کرتے ہیں۔ نوجوان ہی ہوتے ہیں جو طوفان کے رخ پھیرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ نوجوان ہی ہیں جن کے بارے میں اقبال نے کہا ہے۔

محبت مجھے ان جوانوں سے ہے
ستاروں پر جو ڈالتے ہیں کمند

زندگی کی کسی بھی گوشہ کو لے لیا جائے خواہ اس کا تعلق علم سے ہو یا صنعت و زراعت سے، ٹیکنالوجی سے ہو یا سائنس سے، ہر جگہ نوجوان ہی دنیا کی امامت کا فریضہ سر انجام دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ نوجوان اپنے جذبے، جنوں جہد مسلسل اور محبت و یقین سے بزم جہاں کا رنگ بدلتے ہوئے نظر آتے ہیں اس لئے کہ

یقین محکم عمل پہیم محبت فاتح عالم

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان "میری پہچان پاکستان" کے جس منفرد سلوگن کو لے کر ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں یقینا یہ قابل ستائش ہے۔ نوجوانوں کو اس وقت ملک کی خدمت کرنے کے لئے اسی محبت اور جذبہ خدمت سے آگے بڑھنا ہوگا۔ ہمارے ملک کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ نوجوان کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں وہ قوموں کا مستقبل ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے ان پر فریضہ عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اپنی قوم اور ملک کے لئے وقف کریں اور دن رات محنت لگن سے کام کریں اور ملک کی ترقی اور تعمیر میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ اس وقت پاکستان کو جو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کی بھر پور طریقے سے تیاری کرنی ہوگی۔ علم سے لیس ہو کر ہم دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جنا ح اور علامہ اقبال نے جس مقصد کے لئے اس ملک کو حاصل کیا تھا آج ہم سب کو مل کر اس ملک کو سنوارنا ہے اور ترقی کی راہ پر لے کر آنا ہے۔ نوجوانون کو ہی آگے بڑھ کر شہدائے تحریک پاکستان کے خون کی لاج رکھنا ہوگی۔ مفکر پاکستان کی طرح بانی پاکستان نے بھی جرات کا پیکر بن کر ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کیا اور حوصلہ و ہمت نہیں ہارے آج نوجوانوں کو بانی پاکستان کی طرح حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ اور وطن عزیز پاکستان کوایک ترقی یافتہ جمہوری، فلاحی اور اسلامی مملکت بنانا ہوگا۔ محترم سردار منصور احمد خان نے اختتامی کلمات کہے

اور MYL کے مرکزی صدر محترم بلال مصطفوی، محترم تنویرملک، محترم عتیق الرحمن چوہدری، محترم عارف ہاشمی اور یوتھ کے جملہ عہدیدران کو اس عظیم الشان قومی یوتھ سیمنار کے انعقاد پر اور وطن عزیز پاکستان کی نامور سیاسی شخصیات کو اس سیمینار میں مدعو کرنے پر مبارکباد دی اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے احباب کو سیمینار میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔ سیمینار میں محترم سہیل عباسی، محترم سید اعجاز شاہ، محترم راجہ شفیق، محترم راجہ سعید، محترم شیخ اقبال، محترم عرفان احمد قادری، محترم اقبال شاہین، محترم راجہ طالب اور محترم طاہر محمود اعوان نے بھی شرکت کی اور دن رات محنت کر کے سیمینار کو کامیاب بنایا۔ دعائے خیر سے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

Top