اسلام امن، محبت، پیار، صبر اور حلم کا نام ہے: علامہ حافظ نذیر احمد خان

مورخہ: 12 اگست 2011ء
دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام امن، محبت اور کردار سے پھیلا اور آج پوری کائنات میں اسلام کے نام لیوا موجود ہیں اور دن رات 24 گھنٹے کے اندر روئے زمین میں ہر وقت اذان کا بلند ہونا اسلام کی حقانیت کی دلیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان نے مورخہ 12 اگست 2011ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل باندو سٹی ابراکی کین جاپان میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دنیا بھر میں اسلام کے نام پر دہشت گردی اور خود کش حملوں کے ذریعے مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں، بازاروں، تجارتی مراکز، بے گناہ لوگوں، بچوں اور عورتوں کو ہلاک کرنے والے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کر رہے ہیں۔ اسلام غیر مسلم لوگوں کی جان ومال، ان کی عبادت گاہوں، درختوں اور جانورں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔ اسلام کے نام نہاد ٹھیکیدار اپنی کم علمی اور نادانی میں اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔ پاکستان کی بقاء صرف اور صرف اللہ رب العزت اور اس کے پیارے حبیب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ پر عمل کرنے میں ہے۔

قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے بعد جس کو بھی ملک کا اقتدار ملا اس نے جی بھر کر پاکستان میں لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کیا۔ اب پاکستان میں الحمد للہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نظام کی راہ ہموار ہو رہی ہے اور ان شاء اللہ بہت جلد عالم اسلام اور اقوام عالم کی قیادت کرے گا اس کے لئے پوری پاکستانی قوم کو تیار ہونا ہوگا۔

رپورٹ: محمد انعام الحق

تبصرہ

Top