علامہ محمد شکیل ثانی کا دورہ اوموری ہسپتال

مورخہ: 19 مارچ 2012ء

علامہ محمد شکیل ثانی نے مورخہ 19 مارچ 2012ء کو منہاج القرآن اباراکی کے صدر محمد ایاز، گماکین کے صدر محمد اصغر بھنڈر، ٹوکیو کے صدر محمد اکرام بار اور پاکستان چیمبر آف کامرس جاپان کے وائس چیئرمین مہر محمد عظیم کے ساتھ ٹوکیو (جاپان) کے ناظم ابوبکر صدیق محمد کی تیمارداری کے لئے اوموری ہسپتال ٹوکیو کا دورہ کیا۔

ابوبکر صدیق محمد پچھلے تین ماہ سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں۔ ابوبکر صدیق محمد منہاج القرآن کے سکالر اور سویڈن میں منہاج القرآن کے ڈائریکٹر حافظ محمد عمر مرتضی کے بڑے بھائی ہیں۔ ڈاکٹرز نے ان کی بیماری کو لاعلاج قرار دیتے ہوئے انہیں ہسپتال سے فارغ کرنے کا کہا تھا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے جملہ صدور نے ابوبکرصدیق محمد کے لئے 8 لاکھ کی رقم کا تحفہ پیش کیا جو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جاپان نے اپنے قریبی رفقاء سے جمع کرکے اپنے تحریکی بھائی کو پیش کیا تاکہ وہ خیریت سے پاکستان پہنچ سکیں۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے اس موقع پر علامہ محمد عمر مرتضی اور ان کے بھائی سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کو اگر اللہ رب العزت کی طرف سے نعمت سمجھ لیا جائے تو بیماری بھی انعام بن جاتی ہے۔ صبر کرنا انبیاء کا شیوہ ہے۔ اللہ رب العزت حضرت ایوب علیہ السلام کو شفا دے سکتا ہے، حضرت یونس علیہ السلام کو مچھلی کے پیٹ سے زندہ لوٹا سکتا ہے تو اپنے بندوں کو بھی شفا دینے پر قادر ہے۔ انہوں نے ابوبکر صدیق محمد کو ہمت اور حوصلہ کی تلقین کی اور منہاج القرآن جاپان کے ساتھیوں کی طرف سے اپنے بھائی کی مدد اور جذبہ ایثار پر مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ: محمداکرم بار

تبصرہ

Top