منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام یوم سیدنا صدیق اکبر (رض) شان وشوکت سے منایا گیا

مورخہ: 14 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام منہاج القرآن اباراکی کین کے مرکز المصطفیٰ پر مورخہ 19 مئی 2012ء کو یوم سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس پوری شان وشوکت سے منائی گئی۔ پروگرام کی صدارت NPO کے صدر صالح محمد افغانی نے کی جبکہ محمد انعام الحق (صدر MPIC جاپان) نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ محمد سکندر اور محمد رفیع چیبا کین سے خصوصی طور پر تشریف لائے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ محمد فیصل ملک، عون شاہد ایڈووکیٹ اور محمد وقاص نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ کے اسلام لانے سے لیکر ہجرت مدینہ اور آپ رضی اللہ عنہ کے وصال تک کے حالات پر گفتگو کی۔ غزوہ تبوک کے موقع پر گھر بار کی ہر چیز حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدموں میں نچھاور کر دینا ان کے مالی ایثار اور قربانی کی عظیم مثال ہے۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی زندگی ہر مسلمان کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی ساری زندگی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی میں بسر کر دی جبکہ وصال کے بعد بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قرب میں جگہ پائی۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے مزید کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ کو گالی دینے والے پر اللہ رب العزت اور اس کے فرشتوں اور کل لوگوں کی طرف سے لعنت کی وعید سنائی گئی ہے لہذا سب صحابہ اور اہل بیت سے محبت کرنا عین ایمان ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن کے ہر کارکن کے دل میں یہی محبت اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ منہاج القرآن کے نزدیک صحابہ اور اہل بیت میں کوئی فرق نہیں ہر کسی کو جوبھی مقام ملا وہ نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملا۔ آئیے اس غلامی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں، منہاج القرآن کے ساتھ وابستہ ہو کر اس مشن کو عام کریں۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا ہوئی اور پرتکلف لنگر سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

رپورٹ: محمد اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top