منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر انتظام جشن ولادت مولائے کائنات کانفرنس

مورخہ: 02 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے مرکز المصطفیٰ اباراکی کین میں مورخہ 02 جون 2012ء بروز ہفتہ تاجدار ولایت، مولائے کائنات، شیر خدا، حیدر کرار، مولود کعبہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یوم ولادت کو عظیم الشان طریقے سے منایا گیا۔ پروگرام کی صدارت پاکستانی سفارتخانہ کے چیف سیکرٹری سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ جاپان کے اہل تشیع راہنماؤں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ چیبا کین،۔شروئی، یاشیؤ، سائتا ماکین، ایوائی، اباراکی کین اور گرد و نواح سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز قاری حامد علی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ وقاص علی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی، نقابت کے فرائض منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد انعام الحق نے سرانجام دیئے۔منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور حضرت علی شیر خدا رضی اللہ عنہ کے فضائل ومناقب پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ لوگ مختلف پیڑوں سے ہیں جبکہ میں اور علی ایک ہی درخت سے ہیں۔ کون علی جو تمام مسلمانوں کے مولا بنادیئے گئے،جو خیبر شکن بنا دیئے گئے، حضر ت علی رضی اللہ عنہ کے لئے ڈوبا سورج پلٹایا گیا، سیدہ کائنات کے شوہر اورداماد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہوئے، صحابہ کرام حضرت علی شیر خدا سے بہت محبت کرتے تھے۔حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اپنی بیٹی عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا کو فرمایا کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا ہے کہ علی کے چہرہ کو دیکھنا بھی عبادت ہے۔ایک اور مقام پرحضر ت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایاکہ علی کا ذکر کرنا بھی عبادت ہے۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا کہ منہاج القرآن نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین اور اہل بیت رضوان اللہ کی محبت کو ایک ہی پلڑے میں رکھا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے دفاع شان علی شیر خدا کے موضوع پر 13گھنٹے خطاب فرمایا اور آپ کے مناقب پر کئی کتب تحریر فرمائیں۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا کہ ہم نے پچھلے ہفتے یوم سیدنا صدیق اکبر منایا تھا اور آج یوم علی شیر خدا منا رہے ہیں۔ امت کو انتہا سے نکل کر اعتدال کی راہ پر چلنا ہوگا، منہاج القرآ ن راہ اعتدال پر چلنے کی تعلیم دیتی ہے۔

پاکستانی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف سید علی اسد گیلانی نے کہا کہ مجھے مرکز منہاج القرآن آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ چونکہ میں اہل تشیع ہوں مگر آج تک ایسے فضائل ومناقب میں نے بھی نہیں سنے جس میں مدلل انداز میں صحابہ کرام کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ جو کسی بھی صحابی کی گستاخی کرے وہ مومن تو کیا مسلمان ہی نہیں ہو سکتا۔ ہمیں نعروں سے آگے نکل کر حضرت علی شیر خدا رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ جس طرح شہید کربلا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے سب کچھ قربان کر دیا مگر دین کی حرمت پر حرف نہ آنے دیا، آج ہم سب کو دین کی حرمت کے لئے ایک ہونا پڑے گا۔محفل کے اختتام پر درود و سلام اور دعا کی گئی اور اہل تشیع کے راہنما یوسف بٹ کی طرف سے لنگر حسینی کا انتظام کیاگیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top