جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل نے شب عاشور پر تمام مسالک کو جمع کر دیا

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر انتظام تاریخی شہادت امام حسین کانفرنس کا انعقاد مورخہ 24 نومبر 2012ء کو جامع المصطفیٰ مرکز منہاج القرآن ابارکی کین میں ہوا، جس میں تمام مسالک کے احباب شریک ہوئے۔

امام بارگاہ محمد و آل محمد کے خطیب علامہ محمد علی اور بارگاہ کے منتظم اعلیٰ محمد اقبال کیمانی نے اپنے تمام احباب کے ساتھ شام غریباں منہاج القرآن کے مرکز پر منائی۔ دیوبند مرکز کی بڑی مسجد جامع عمر فاروق کے صدر خان خسروخان کے علاوہ ٹوکیو، اباراکی، یوکی، سائتاماکین، یاشو، ناگویا سے اہل سنت اور اہل تشیع کے کثیر لوگوں نے شہادت امام حسین کے اس تاریخی پروگرام میں شرکت کی۔ نقابت کے فرائض NPO کے قائمقام صدر محمد انعام الحق نے ادا کئے جبکہ تلاوت قرآن مجید حافظ محمد اویس نے فرمائی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محمد خالد نے پڑھی۔ امام عالی مقام کی بارگاہ میں ہدیہ محبت اور میاں محمد بخش کا کلام مشہور نعت خوان میاں محمد اکرم نے پیش کیا۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے تاریخی اور محبت اہل بیت سے لبریز خطاب کیا۔ شہادت امام حسین علیہ السلام کے بعد جب کربلا سے شام کا سفر شروع ہوا تو آنسوؤں کی برسات لگ گئی جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ علامہ محمد شکیل ثانی کا خطاب محبت کا پیغام تھا، انہوں نے اپنے خطاب میں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو اکٹھا رہنے اور محبتیں بانٹنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو جتنے اتحاد کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔

علامہ محمد علی نے کہا کہ علامہ محمد شکیل ثانی کے خطاب کے بعد میں صرف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازی عمر کی دعا کرتا ہوں۔

تمام حضرات کے لئے کاشف اقبال عرف کاشی مان کی طرف سے لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top